امارات کا لبنانی عوام کےلیے 100 ملین ڈالر کا امدادی پیکیج
یہ اقدام لبنان کی سپورٹ کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ (فائل فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے لبنان کی عوام کو فوری طور پر 100 ملین امریکی ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدام امارات کی لبنان کو اس کے موجودہ چیلنجوں میں کی سپورٹ کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ اقدام لبنانی عوام کی مدد کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
علاوہ ازیں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے فوری جنگ بندی، لبنان کی جنوبی سرحدوں پر کشیدگی کو کم کرنے، شہریوں کے تحفظ ، تحمل سے کام لینے، اور خطے میں تنازع کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایک بیان میں لبنان کی عوام کے لیے جی سی سی کی مستقل سپورٹ، لبنان کی خود مختاری، سلامتی اور استحکام کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے جی سی سی ممالک کے وزارتی بیان کا حوالہ دیا جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد میں اسرائیل کو لبنان کی سرحدوں کا احترام کرنے اور لبنانی حکومت کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور طائف معاہدے کے مطابق اپنے تمام علاقوں پر اختیار استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔