سعودی وزیر سیاحت اور سعودی ٹورازم اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب نے بیجنگ میں سعودی ٹریول ایکسپو کا افتتاح کیا۔
سعودی ٹریول ایکسپو تیانتان پارک میں 26 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے کے مطابق اس کا مقصد عالمی سیاحت کے نقشے پر مملکت کی پوزیشن کو بہتر بنانا اور سعودی عرب آنے والے چینی سیاحوں کے خیرمقدم کے لیے سعودی سیاحتی مقامات کی تیاری کو ظاہر کرنا ہے۔
سعودی وفد نے اس موقع پر متعدد ملاقاتیں کیں اور معروف چینی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے۔ جن میں چین کی سول ایوی ایشن اتھارٹی، چائنیز ٹورازم چیمبر، چائنیز ایئرلائن اور ٹرپ ڈاٹ کام، ٹورینو، علی بابا، ہواوے، کلوک اور چینی سب سے اہم گروپ ایچ ورلڈ گروپ اور جین جیانگ گروپ شامل ہیں۔
#السعودية تسجل حضورها المميز في #الصين
بقيادة معالي وزير السياحة @AhmedAlkhateeb، انطلقت فعاليات #معرض_السفر_السعودي في حديقة "تيان تان" الشهيرة، استعداداً لاستقطاب السياح من جمهورية الصين الشعبية. https://t.co/BbRVqKOwUc— الهيئة السعودية للسياحة (@SaudiTourism) October 18, 2024
احمد الخطیب کا کہنا تھا ’اس عالمی مہم کے ساتھ دونوں ممالک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے سٹراٹیجک شراکت داری قائم کرکے چین کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ چینی سیاحوں کا خیر مقدم کرنے کے لیے پرجوش ہیں خاص طور پر اب جب کہ مملکت کو چین سے آنے والے مسافروں کے لیے ترجیحی منزل کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے‘۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے سی ای او فھد حمید الدین نے کہا کہ ’چین، مملکت کے لیے ایک اہم اور بین الاقوامی مارکیٹ ہے۔ ہم چینی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھ کر پر جوش ہیں۔ 2023 اور 2024 میں مملکت آنے والے چینی سیاحوں کی تعداد دگئی ہوچکی ہے‘۔
سعودی ٹریول ایکسپو میں الدرعیہ، العلا اور الباحہ میں سیاحتی مقامات کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے والے انٹرایکٹیو سیکشنز پیش کیے گئے جس میں وزیٹرز کےلیے مملکت کے مشہور مقامات کی تصاویر لینے کے مواقع تھے ۔ وزیٹرز نے سعودی روایتی کڑھائی (سدو) میں بھی حصہ لیا جبکہ روایتی میوزک پرفارمنس سے بھی لطف اٹھایا۔
