ریاض میٹرو کے خوبصورت سٹیشنز، فن تعمیر کا شاہکار
جمعرات 5 دسمبر 2024 21:49
پانچ اہم اور خوبصورت میٹرو سٹیشنز میں سے چار بلیو لائن پر ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میٹرو سروس گذشتہ بدھ 27 نومبر کو انتہائی جوش و خروش کے ساتھ کھول دی گئی، جس کا مقصد دارالحکومت کی سڑکوں پر ٹریفک ازدحام کسی حد تک کم کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جدید میٹرو سروس کے لیے دنیا کی معروف کمپنیوں کے ڈیزائن کیے گئے متعدد سٹیشنز فن تعمیر کا شاہکار ہیں۔
ریاض میٹرو کے کئی سٹیشن تعمیراتی عجائبات سے کم نہیں ہیں، جنہیں دنیا کی کچھ مشہور تعمیراتی کمپنیوں نے خوبصورتی سے ڈیزائن کیا ہے۔
ذیل میں درج پانچ اہم اور خوبصورت میٹرو سٹیشنز کا ذکر ہے جن میں سے چار گذشتہ ہفتے کھولی گئی بلیو لائن پر ہیں۔
کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سٹیشن
ریاض میٹرو کے تمام سٹیشنز میں سب سے زیادہ خوبصورت اور پہچانا جانے والا سٹیشن ہے، اس کا رقبہ 42000 مربع میٹر ہے، سیٹشن کا ڈیزائن دنیا کی معروف آرکیٹکچر عراق نژاد برطانوی خاتون زہا حدید نے تیار کیا ہے۔
یہ سٹیشن بلیو، یلو اور پرپل لائنوں کو جوڑتا ہے اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ سٹیشن ایئرپورٹ سے آنے والے مسافروں کے لیے اہم رابطہ ہے جبکہ سٹی سنٹر اور جنوب میں سفر کرنے والوں کے لیے بھی اہم سٹیشن ہے۔
ایس ٹی سی سٹیشن
شہر کے مرکزی مقام پر واقع ایس ٹی سی میٹرو سٹیشن بلیو اور ریڈ لائنوں کو جوڑتا ہے۔جرمن فرم گیر بر آرکیٹیکٹن نے یہ خوبصورت سٹیشن ڈیزائن کیا ہے۔
سٹیشن کے ڈیزائن میں ریاض کے نواح میں طویق پہاڑوں سے لائے گئے چونے کی قدرتی پتھروں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایس ٹی سی میٹرو سٹیشن سے منسلک پلازا ایریا ہے جو 30 میٹر زیر زمین چار منزلیں ہیں۔
قصر الحکم میٹرو سٹیشن
قصر الحکم سٹیشن بلیو اور اورنج لائنوں کو جوڑتا ہے اور اس میں ایک منفرد سٹین لیس سٹیل کی دیوہیکل چھتری نما پلیٹ بنائی گئی ہے، یہ سٹیشن ناروے کی معروف آرکیٹیکچر فرم سنوہیٹا نے ڈیزائن کیا ہے۔
نیشنل میوزیم سٹیشن
نیشنل میوزیم سٹیشن 19400 مربع میٹر پر رقبے پر محیط ہے جو بلیو اور گرین لائنز کو جوڑتا ہے، ریاض کا معروف علاقہ البطحہ بھی اسی سٹیشن سے جوڑا گیا ہے۔
ویسٹرن میٹرو سٹیشن
ریاض کی معروف بین الاقوامی آرکیٹیکچر فرم عمرانیہ کا ڈیزائن کردہ شاندار شاہکار ویسٹرن سٹیشن اپنی مثال آپ ہے۔ یہ سٹیشن اورنج لائن کے روٹ پر واقع ہے جہاں پہلے سبزی منڈی ہوا کرتی تھی اور یہ روٹ جنوری میں کھول دیا جائے گا۔