ابوظہبی میں ڈزنی کے 'دی میجک باکس' کا فروری میں ڈیبیو
ابوظہبی میں ڈزنی کے 'دی میجک باکس' کا فروری میں ڈیبیو
بدھ 1 جنوری 2025 19:39
شو میں 75 سے زائد ڈزنی گانوں کو دلچسپ انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ابوظہبی میں ڈزنی شو کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ’دی میجک باکس‘ نامی منفرد تھیٹر پروڈکشن، ڈزنی کے 100 سالہ جشن پر اتحاد ایرینا میں پیش کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق فیلیپے گمبا پیریدیس کی تخلیق اور مشترکہ تحریر کردہ اس شو میں 75 سے زائد ڈزنی گانوں کو دلچسپ انداز میں حقیقی کہانیوں کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔
سابق ڈزنی ایگزیکٹو گمبا پیریدیس نے ’دی میجک باکس‘ کو لازوال کہانیوں اور موسیقی کے لیے ’محبت نامہ‘ قرار دیا ہے۔
گمبا پیریدیس نے بتایا ’دی میجک باکس‘ کی تخلیق کے دوران میں چاہتا تھا کہ ناظرین اپنے اندر کے بچے سے دوبارہ جُڑ جائیں۔
ہم نے کسی ایک ڈزنی فلم کی کہانی بیان کرنے کی بجائے ان سب کو ایک ناقابلِ فراموش سفر میں سمیٹنے کا انتخاب کیا تا کہ وہ جذبات اور خوشیاں دوبارہ ابھاری جا سکیں جو پہلی بار محسوس کی گئیں۔
انہوں نے مزید بتایا ’دی میجک باکس‘ شو کا محور مارا کی کہانی ہے جو ڈزنی کی دلکش دھنوں کے ذریعے اپنے اندر کے بچے کو ایک بار پھر دریافت کرتی ہے۔
یہ پروڈکشن ڈزنی کی وسیع موسیقی کی تاریخ پر محیط ہے جس میں 1929 کے ابتدائی گانوں سے لے کر 2023 کے جدید ہٹ گانے شامل ہیں۔
’یہ شو مختلف ثقافتوں سے جڑی انسانیت کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔‘ فوٹو عرب نیوز
اس شو کے لیے کئی مہینے کیٹلاگ چھاننے میں گزارے۔ ہم جانتے تھے کہ یہ شو کئی نسلوں کے جذبات سے ہم آہنگ ہوگا ہم چاہتے تھے کہ ہر شخص اس میں اپنا جذباتی انداز تلاش کر سکے۔
ابوظہبی میں ’دی میجک باکس‘ کا آغاز کرنے کا فیصلہ اماراتی دارالحکومت میں بسنے والی تمام غیر ملکی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، یہ شو 6 سے 15 فروری 2025 تک اتحاد ایرینا میں پیش کیا جائے گا۔
’دی میجک باکس‘ کے ناظرین اپنے اندر کے بچے سے دوبارہ جُڑ جائیں۔ فوٹو عرب نیوز
گمبا پیریدیس نے کہا ’مجھے یقین ہے کہ ہمارا شو ابوظہبی میں بالکل موزوں محسوس ہوگا، یہ شو مختلف ثقافتوں سے جڑی انسانیت کی بھرپور نمائندگی کرتا ہے۔‘