’پروموشنل آفرز‘ دبئی گولڈ مارکیٹ میں خریداری کا رجحان برقرار
2 ہفتوں کے دوران سونے کے نرخوں میں سوا چھ درھم کا اضافہ ہوچکا ۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے اختتام پر مختلف قیراط کے سونے کی قیمتوں میں ڈھائی سے سوا تین درھم تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دو ہفتوں کے دوران ایک گرام سونے کے نرخوں میں 6.25 درہم تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق گولڈ شورومز اور شاپس مالکان کا کہنا ہے سونے کے نرخوں میں حالیہ اضافے کے باوجود سیاحوں کی بڑھتی تعداد کے علاوہ نئے سال کے آغاز، دبئی شاپنگ فیسٹیول اور اس دوران مختلف پیشکشوں نے مارکیٹ میں خریداری کو برقرار رکھا۔
گزشتہ ہفتے کے اختتام پر دبئی میں 24 قیراط ایک گرام کے نرخ 321.25 درہم ہوگئے جو اس سے قبل کے ہفتے کے مقابلے میں 3.25 درھم زیادہ ہے۔ 22 قیراط کے نرخ 3 درھم اضافے کے بعد 297.50 درھم ریکارڈ کیے گئے۔
21 قیراط ایک گرام کے نرخ میں بھی تین درھم کا اضافہ ہوا۔ قیمت 288 درھم ہوگئی۔ 18 قیراط کے نرخ میں ڈھائی درھم کا اضافہ ہوا اور فی گرام قیمت 246.75 درھم تک پہنچ گئی۔
ایک گولڈ جیولری شاپ کے سیلز مینجر نے کہا حالیہ دنوں میں خریداری میں اضافے کی وجہ دبئی شاپنگ فیسٹیول اور بہت سے آؤٹ لیٹس کی جانب سے پروموشنل آفرز نے قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو محدود کردیا۔ دبئی آنے والوں کا سونے کی خریداری کا سلسلہ جاری رہا۔
ایک اور شوروم کے ڈائریکٹر نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ مارکیٹ میں اس وقت خریداری میں سب سے بڑا حصہ دبئی شاپنگ فیسٹیول میں ڈسکاؤنٹ آفرز ہیں۔
گولڈ شوروم کے مینجر کا کہنا ہے قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود یہاں آنے والے سیاح اور رہائشی سونے کی اشیا میں خریداری کررہے ہیں۔ تحائف کے لیے بھی سونے کی مختلف چیزیں خرید رہے ہیں۔
ایک گولڈ شاپ کے مالک کا کہنا تھا یہاں نئے سال کی مختلف آفرز سے گروپ کی شکل میں آنے والے سیاحوں نے بھی فائدہ اٹھایا۔ اس کے علاوہ دبئی گولڈ مارکیٹ کی شہرت نے بھی انہیں تحائف خریدنے کی ترغیب دی۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں