Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کو خود مختار ادارے میں تبدیل کیا جائے: شاہی فرمان

ہسپتال میں اعضا کی پیوند کاری کے سینکڑوں آپریشن کیے جا چکے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
 خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کو خود مختار ادارے میں تبدیل کرنے کا فرمان جاری کر دیا ہے، جو غیر منافع بخش ادارہ ہوگا جبکہ حکومتی ملکیت ہی رہے گی۔  
اخبار24 کے مطابق جاری شاہی فرمان میں بتایا گیا ہے کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کو دنیا کے بہترین ہیلتھ سینٹرز میں شامل کیا جائے گا۔   
ریاض رائل کمیشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین اور کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کے سربراہ فہد بن عبدالمحسن الرشید نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر ہسپتال اور سینٹرکے لیے جامع تبدیلی کا پروگرام تیار کیا گیا ہے۔
خود مختار ادارہ بننے کے بعد ریسرچ کا دائرہ وسیع ہوگا اور اس کی شاخیں مملکت بھر میں کھولی جائیں گی۔

ہسپتال غیر منافع بخش ادارہ ہوگا جبکہ حکومتی ملکیت ہی رہے گی (فوٹو: ٹوئٹر)

الرشید نے توجہ دلائی کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال خطے کے منفرد ہیلتھ سینٹرز میں سے ایک ہے۔
تبدیلی کا مقصد ہسپتال میں موجود سہولیات کو نئی شکل دینا، ان کا دائرہ وسیع کرنا اور پائیدار بنیادوں پر میڈیکل ریسرچ کا اہتمام کرنا ہے۔ نصب العین یہ ہے کہ مستقبل میں یہ ہسپتال اور سینٹر عالمی درجے کا ہوگا۔  
الرشید نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف بھی نئے اقدام کی بدولت پورے ہوں گے۔  
ہسپتال کے ایگزیکٹیو انچارج ڈاکٹر ماجد الفیاض نے بتایا کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کو اپنی استعداد اور کام بہتر بنانے کے لیے زبردست محنت کرنی ہو گی۔ جس کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے۔  
یاد رہے کہ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اور ریسرچ سینٹر اعضا کی پیوند کاری کے سینکڑوں آپریشن کر چکا ہے ۔ دنیا بھر میں دل کی پیوند کاری کرنے والے 10 بہترین سینٹرز میں سے ایک ہے۔
یہاں ہڈی کے گودے کی پیوند کاری کے آپریشن ریکارڈ تعداد میں ہوئ ۔ یہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ آپریشن کرنے والے دو فیصد سینٹرز میں سے ایک ہے۔  
کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال امریکہ کے باہر بچوں کے کینسر کی سوسائٹی کے یہاں رجسٹرڈ پہلا ہسپتال ہے ۔ 

شیئر: