Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کی سطح پر روبوٹ کے ذریعے کامیاب آپریشن پر شاہ فیصل اسپتال کو ایوارڈ

سعودی عرب کی سطح پر پہلی بار جدہ کے شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں  روبوٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے دل کا کامیاب آپریشن  پر گورنر مکہ مکرمہ کی جانب سے علمی خدمت پر اسپتال انتظامیہ کو مثالی قرار دیتے ہوئے امسال کا ایوارڈ دیا گیا ۔
شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتا ل  کا شمار ان چند معیاری طبی اداروں  میں ہوتا ہے جہاں انتہائی اہم نوعیت کی سرجری کی جاتی ہے ۔ یہ محض اسپتال ہی نہیں بلکہ تحقیقی مرکز بھی ہے ۔ 
گورنر مکہ مکرمہ کی جانب سے ہر برس ایسے اداروں کو جہاں تحقیقی و مثالی کام کئے جاتے ہیں کو تعریفی سند  اور ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔امسال کیلئے مملکت کے 10 اداروں کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ ز سے نوازا گیا جن میں وزارت حج وعمرہ بھی شامل تھا جن کی امسال مثالی کارکردگی رہی ۔
جدہ کے شاہ فیصل اسپتال و ریسرچ سینٹر میں دل کے امراض کے لئے روبورٹ ٹیکنالوجی کامیابی سے استعمال کی گئی جس سے مریضوں کو بھی سہولت ہو گی ۔ آپریشن کے دوران اضافی عملہ بھی درکار نہیں ہوتا جبکہ روبورٹ کو استعمال کرتے ہوئے اینڈواسکوپی کا عمل بھی انتہائی مختصر ہو جاتا ہے ۔ 
واضح رہے شاہ فیصل اسپتال میں اوپن ہارٹ سرجری کے مثالی انتظامات ہیں جہاں دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ پاکستانی ماہرین بھی عرصہ سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
اسپتال کے شعبہ امراض قلب کے سرجن ڈاکٹر احمد عبداللہ جمجوم اور ڈاکٹر عثمان سعد العثمان کا کہنا تھا کہ روبوٹ ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیچیدہ آپریشن بھی انتہائی آسانی سے ہو جاتا ہے ۔آپریشن کے بعد مریض بھی جلد صحت یاب ہو جاتا ہے جبکہ اسے درد کا احساس بھی کم ہوتا ہے ۔ روبوٹ  ٹیکنالوجی کے استعمال سے اوپن ہارٹ سرجری نسبتا محفوظ ہے ۔ اس کے ذریعے کئے گئے آپریشن کے بعد خون چڑھانے کی زیادہ ضرورت بھی نہیں رہتی ۔
شاہ فیصل اسپتال 3 عمارتوں پر مشتمل ہے جس میں مختلف شعبے قائم ہیں ۔ جن میں امراض قلب کے علاوہ جسمانی اعضاء کی پیوند کاری کے شعبے بھی شامل ہیں ۔اسپتال کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک اسپتال میں 1481 پیوند کاری کے کامیاب آپریشن کئے جاچکے ہیں جن میں دل کی پیوند کاری کے 35 ، جگر کے 137 اور پھیپڑوں کے 37  آپریشن شامل ہیں ۔ 

شیئر: