سعودی عرب کے 10 قومی ادارے قاہرہ انٹرنیشنل کتب میلے میں شرکت کررہے ہیں۔ کتب میلے کا افتتاح جمعرات 23 جنوری کو کیا گیا جو 5 فروری 2025 تک جاری رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کتب میلے کی افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت اور رکن کابینہ برائے امور شوری کونسل ڈاکٹر عصام بن سعد نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ مصر میں سعودی عرب کے سفیر صالح الحصینی کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔

میلے کے افتتاح کے بعد وزیر مملکت نے اپنے وفد کے ہمراہ میلے میں لگائے گئے سعودی عرب و دیگر سٹالز کا دورہ کیا ۔
سعودی عرب کی جانب سے وزارت اسلامی امور، ادب، اشاعت و ترجمہ اتھارٹی، شاہ سلمان عربک لینگویج اکیڈمی، شاہ عبدالعزیز جنرل لائبریری، شاہ فہد قومی لائبریری، شہزادی نورہ یونیورسٹی، شہزادہ سطام یونیورسٹی تبوک، جامعہ حفر الباطن اور اشاعتی سوسائٹی کے علاوہ متعدد دیگر اداروں نے بھی خصوصی طور پر اپنے سٹالز لگائے ہیں۔