چینی سوشل میڈیا ایپ نے امریکی لڑکی کو بچھڑے دوست سے کیسے ملایا؟
سیلیا کی اپیل کے بعد ریڈنوٹ پر ساری چینی کمیونٹی ان کی مدد کے لیے یکجا ہو گئی۔ (فوٹو: روئٹرز)
سوشل میڈیا کی وجہ سے ایک امریکی لڑکی کی چین میں طویل عرصے سے بچھڑے دوست سے سات برس بعد ملاقات ہو گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 21 سالہ امریکی لڑکی سیلیا نے چینی سوشل میڈیا ایپ ریڈنوٹ جو ٹک ٹاک سے ملتی جلتی ہے، پر چینی کمیونٹی سے اپنے سابق کلاس فیلو سائمن کو ڈھونڈنے کے لیے مدد کی اپیل کی۔
انہوں نے ایک جذباتی ویڈیو میں بتایا کہ وہ 2017-2018 میں آئیووا کے ایک پرائیویٹ کیتھولک سکول میں تعلیم حاصل کر ہی تھیں جہاں وہ ایک چینی ایکسچینج پروگرام کے تحت آئے ہوئے طالب علم سائمن کی بہترین دوست بن گئیں۔ تاہم ان کے چین واپس جانے کے بعد ان کا رابطہ ختم ہو گیا۔
سیلیا نے ایپ کے تمام صارفین سے اپیل کی کہ وہ سائمن کی تلاش میں ان کی مدد کریں اور ساتھ اپنے دوست کے لیے بھی کہا کہ ’سائمن میں تمہیں یاد کرتی ہوں، ہماری دوستی کو یاد کرتی ہوں۔‘
امریکی لڑکی کی اس اپیل کے بعد ساری چینی کمیونٹی ان کی مدد کے لیے یکجا ہو گئی۔ سیلیا نے سائمن کی ایک پرانی تصویر شیئر کی، جسے بالآخر ایک ایسے شخص نے دیکھا جو سائمن کو جانتا تھا۔
اس نے انہیں آگاہ کیا اور کچھ ہی گھنٹوں بعد ایک صارف نے سیلیا کی ویڈیو کے نیچے کمنٹ کیا کہ وہ سائمن ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’سب کو سلام، میں سائمن ہوں۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اپنی کئی برسوں پرانی اچھی دوست کے ساتھ اس طرح سے رابطہ قائم کروں گا۔ ریڈنوٹ پر ہر ایک کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے مدد کی۔‘
