سعودی عرب میں شامی کمیونٹی کا افطار دسترخوان، بھائی چارے کا پیغام
شامی کمیونٹی ون ڈش پارٹی کے اصول کے تحت افطاری کا اہتمام کرتی ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں مقیم شامی کمیونٹی کی جانب سے رمضان بھائی چارے کے عنوان سے افطار مہم جاری ہے۔
شامی کمیونٹی کے ارکین ون ڈش پارٹی کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے افطاری کا اہتمام کرتے ہیں جس میں دیگر شہریت کے لوگ بھی شرکت کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق تبوک ریجن میں مقیم شامی باشندوں کا کہنا ہے’ مملکت میں انہیں ہرطرح کی سہولت میسر ہےجس پر ہم قیادت کے شکرگزار ہیں۔‘
کمیونٹی کی جانب سے اجتماعی افطار پارٹی کے بارے میں محمد عبدالکریم کا کہنا تھا ’ مشترکہ دسترخوان کی برکت سے جہاں ہم ایک دوسرے سے متعارف ہوتے ہیں وہاں انواع واقسام کے کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘
’افطاری کے بعد تبادلہ خیال کی محفل سجتی ہے جو دیر گئے تک جاری رہتی ہے اس طرح باہمی اخوت و بھائی چارے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔‘
