Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں انڈین قونصل خانے کی جانب سے ’آرگینک افطار‘ کا اہتمام

انڈین سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے رمضان کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ میں قائم انڈین قونصل خانے کی جانب سے گرمجوشی کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ’آرگینک افطار‘ کا اہتمام کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق افطار تقریب میں سعودی حکومت کے نمائندے، سفارتی اہلکار، انڈین تارکین وطن  کے علاوہ کاروباری شخصیات، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں سے منسلک افراد نے شرکت کی۔

افطار تقریب میں لولو گروپ اور سیافا ڈیٹس نے بھرپور تعاون پیش کیا۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب میں انڈین سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے ہمدردی اور خدمت کے بنیادی اصولوں کے ساتھ رمضان کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔
سہیل اعجاز خان نے خاص طور پر تجارت، ثقافتی تبادلے اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں انڈیا اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔ 
اس موقع پر قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے تقریب کے موضوع ’آرگینک افطار‘ کے بارے میں وضاحت کی اور انڈیا سمیت دنیا بھر میں نامیاتی زراعت کی بڑھتی ہوئی اہمیت  کے بارے میں بتایا۔

قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے’آرگینک افطار‘ کے بارے میں وضاحت کی۔ فوٹو عرب نیوز

افطار ڈنر میں نامیاتی اجزاء سے تیار کیے گئے انڈیا کے بھرپور اور لذیذ ذائقوں والے مختلف پکوان پیش کیے گئے۔
یہ پکوان آئندہ نسلوں کے لیے ماحول کے تحفظ کی کوششوں کے ساتھ ان کی فلاح و بہبود اور صحت کےعزم کی عکاسی کر رہے تھے۔
 

افطار تقریب میں سفارتی اہلکار اور انڈین تارکین وطن نے شرکت کی۔ فوٹو عرب نیوز

پکوان کی تیاری کے لیے نامیاتی اجزاء انڈیا کے رزعی ادارے ایگریکلچرل اینڈ پروسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کیے گئے۔
افطار تقریب میں مقامی شراکت داروں میں لولو گروپ اور سیافا ڈیٹس نے بھی اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔

 

شیئر: