الخبر میونسپلٹی نے ڈلیوری رائیڈرز کے لیے تمام تر سہولیات سے آراستہ اپنی نوعیت کا پہلا ریسٹ روم متعارف کرا دیا۔ موٹرسائیکل سواروں کے لیے پارکنگ کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔
مشرقی ریجن کے میئرانجینiئر فہد الجبیر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے الخبر بلدیہ کے سربراہ انجینiئر مشعل الوھبی نے ریسٹ روم کے لیے مخصوص مقام کا لائسنس بھی جاری کیا ہے۔

بلدیہ کے شعبہ تعمیرات کے ڈائریکٹر عبدالعزیز الرمیح نے اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈلیوری رائیڈرز کے لیے ریسٹ روم کے قیام پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا تاہم اسے عملی شکل دینے کے لیے جگہ کا انتخاب اہم مرحلہ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ریسٹ روم کے لیے ایسے مقام کا تعین کیا جانا ضروری تھا جو ریستورانوں کے قریب ترین ہو اور وہاں موٹرسائیکلوں کے لیے پارکنگ کا بھی خصوصی اہتمام کیا جا سکے۔‘
الرمیح کا مزید کہنا تھا کہ ’ریسٹ روم کی تعمیر سے رائیڈرز کو کافی سہولت ہوگی جو اس سے قبل کچھ دیر آرام کرنے کے لیے سڑکوں کے کنارے کھلی دھوپ یا بارش و سرد موسم میں بیٹھ جایا کرتے تھے جو کسی طرح بھی درست نہیں تھا، رائیڈرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے میونسپلٹی نے ریسٹ روم پروجیکٹ پر کام کیا۔‘

ریسٹ روم میں رائیڈرز کے آرام کا ہر طرح سے خیال رکھتے ہوئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس امر کا بھی خیال رکھا گیا ہے کہ ریسٹ رومز ایسے مقامات پر تعمیر کیے جائیں جو ہوٹلوں سے قریب ترین ہو تاکہ رائیڈرز کو زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ علاوہ ازیں ان کی موٹرسائیکلوں کے لیے پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا گیا ہو۔
ریجنل ڈائریکٹر بلدیہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر تیار کیا جانے والا ریسٹ روم ایک نمونہ ہے۔ توقع ہے کہ مزید 100 کے قریب ریسٹ روم تیار کرنے کے لائسنس جاری کیے جائیں گے جس سے الخبر شہر کی خوبصورتی بھی متاثر نہیں ہو گی اور رائیڈرز کو بھی آرام ملے گا۔