فرمابردار بیٹے نے ’اعزازی تلوار‘ جیت کر والدہ کی دلی خواہش پوری کردی۔ شاہ عبداللہ کیڈٹ کالج کی پاسنگ آوٹ میں امتیازی نمبر اور اعزازی تلوار حاصل کرنے والے فرسٹ سارجنٹ ’البراء بن عمر العتیبی‘ نے تلوار والدہ کو دیتے ہوئے کہا ’ آج رب کریم نے وہ دن دکھا دیا کہ آپ سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنے کے قابل ہوا‘۔

سبق نیوز کے مطابق طائف کے شاہ عبداللہ ایئرفورس کالج سے پاس آوٹ ہونے والے العتیبی نے اپنی ٹریننگ کے ایام کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’تین برس قبل جب میں یہاں آیا تھا تو ایک سولین تھا مگر اب ایک فوجی ہوں ۔ ان تین برسوں نے میری دنیا بدل دی‘۔
العتیبی کا مزید کہنا تھا کہ ’آج جو اعزاز مجھے ملا ہے اس میں سب سے بڑا حصہ میری والدہ کا ہے۔ آج بھی میرے دماغ میں والدہ کے وہ الفاظ گونج رہے ہیں جب کالج میں میرا حتمی انتخاب ہوا تو والدہ نے کہا تھا ’بیٹے فوج میں جارہے ہو تو میں اس دن کا انتظار کروں کی جب تم اعزازی تلوار میرے ہاتھ میں دو گے‘۔

والدہ کے کہے ہوئے وہ الفاظ تین برسوں تک میرے دل و دماغ پرچھائے رہے اور میں نے ہر لمحہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں گزارا بالاخر اپنے ارادے میں کامیاب رہا۔
العتیبی کا کہنا تھا ’یہ محض تلوار نہیں بلکہ میری والدہ کی خواہش اور انکی دلی آرزو ہے، اور آج مجھے فخر ہے کہ میں اپنی والدہ سے کیا ہوا وعدہ پورا کرنے کے قابل ہوا‘۔

وزارت دفاع کی جانب سے خوشی کے ان لمحات کو عکس بند کیا گیا جس میں العتیبی کو پاسنگ آوٹ تقریب میں اعزازی تلوار وصول کرنے کے بعد اپنی والدہ کو دیتے ہوئے دکھا گیا ہے۔