پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقدہ تقریب میں سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جبکہ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت سعودی عرب کے سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک پراجیکٹ کے لیے سرمایہ کاری کریں گے جبکہ سی ڈی اے تھیم پارک کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
چیئرمین پی سی بی و وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقعے پر کہا کہ تھیم پارک پراجیکٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے آئے سعودی عرب سے آئے معزز مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔