ایون شاہی: شہریوں کی مالی معاونت اور نطاقات کے تحت سعودی کارکنوں کی کم سے کم اجرت میں اضافے کا حکم
اتوار 25 اکتوبر 2026 18:10
ان اقدامات کا مقصد شہریوں پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سفارش پر سعودی شہریوں کی مالی معاونت کے لیے متعدد اقدامات کی منظوری دی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدامات سعودی الیکٹرک اور نیشنل واٹر کمپنی کی جانب سے یکم جنوری 2027 سے نرخوں میں تبدیلی کے اعلان پر کیے جا رہے ہیں۔
منظور شدہ مالی معاونت کے اقدامات کے تحت سول اور عسکری ملازمین کے علاوہ پینشنرز اور سوشل انشورنس نظام کے تحت پینشنرز کے اہل خانہ کے لیے ماہانہ 500 ریال اضافی الاونس مقرر کیا گیا ہے۔
ماہانہ مالی معاونت کا مقصد بجلی اور پانی کے نرخوں میں تبدیلی کے نتیجے میں شہریوں پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی شہریوں کے حوالے سے بھی اقدامات کی منظوری دی گئی ۔ سعودی کارکنوں کی کم از کم اجرت کی حد کو بھی بڑھایا گیا ہے۔
نجی شعبے کے اداروں میں نطاقات پروگرام کے تحت کسی سعودی کارکن کو سعودائزیشن کے مکمل تناسب میں شمار کرنے کے لیے کم از کم ماہانہ اجرت 5 ہزار ریال مقرر کی گئی ہے جس کا اطلاق چھ ماہ بعد ہو گا۔
بیان میں کہا گیا مزید بارہ ماہ گزرنے کے بعد کم ازکم 6 ہزار ریال ہو جائے گی۔
نطاقات پروگرام کے تحت کم از کم اجرت میں اضافے کا مقصد اجرتوں کی سطح میں بہتری لانا اور نجی شعبے میں سعودی شہریوں کے روزگار کی شرح کو بہتر بنانا ہے۔
