سیاحت کے 41 شعبوں میں سعودائزیشن کا فیصلہ، عملدرآمد کب؟
ہوٹل منیجر، ہوٹل آپریشن منیجر، ہوٹل سپروائزر، ٹریولنگ ایجنسی منیجر شامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ افرادی قوت و سماجی بہبود نے وزارت سیاحت کے اشتراک سے 41 شعبوں میں سعودائزیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تین مراحل میں عملدرآمد کیا جائے گا۔
العربیہ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے سیاحت کے شعبے میں نجی کمپنیوں کے لیے ان شعبوں کی فہرست جاری کی ہے۔
ان میں ہوٹل منیجر، ہوٹل آپریشن منیجر، ہوٹل سپروائزر، ٹریولنگ ایجنسی منیجر، منصوبہ بندی و ترقیاتی ڈائریکٹر، سیلز منیجر، ٹور آپریٹر، ہوٹلنگ سپیشلسٹ، پرجیز سپیشلسٹ، ہوٹل استقبالہ کلرک، ٹورگائیڈز وغیرہ شامل ہیں۔
ان شعبوں میں سعودائزیشن کے پہلے مرحلے کا آغاز آئندہ برس 22 اپریل 2026 سے ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ تین جنوری 2027 اورتیسرا و آخری مرحلہ 2 جنوری 2028 میں شروع کیا جائے گا۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے سعودائزیشن کے لیے مخصوص کیے گئے شعبوں کی فہرست جاری کی گئی ہے تاکہ سیاحتی شعبے کے کاروبار سے منسلک افراد کو اس بارے میں قبل از وقت تفصیلات فراہم کی جاسکیں۔
