امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ 13 سے 16 مئی تک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیاوِٹ نے منگل کے روز رپورٹرز کو صدر ٹرمپ کے دورۂ مشرق وسطیٰ سے متعلق بتایا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں یوکرین اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دورNode ID: 887489
اس سے قبل عرب نیوز نے گذشتہ ماہ خبر شائع کی تھی کہ صدر ٹرمپ اپنی دوسری مدت کے پہلے غیرملکی دورے پر رواں برس مئی کے وسط میں سعودی عرب کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
عرب نیوز نے امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے حوالے سے یہ خبر شائع کی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب امریکہ کی خارجہ پالیسی میں زیادہ نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ مملکت نے حال ہی میں امریکہ اور روس اور یوکرین کے مابین بات چیت کی میزبانی کی ہے۔
صدر ٹرمپ یوکرین میں جنگ بندی چاہتے ہیں اور امریکہ نے مملکت کا ابراہم اکارڈز میں ممکنہ شریک کے طور پر انتخاب کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے گذشتہ ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کریں گے۔ ان کا 6 مارچ کو کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر آئندہ ڈیڑھ ماہ کے دوران مملکت جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا تھا کہ میں نے اپنے پہلے دورِ صدارت کے دوران 2017 میں اپنا پہلا غیرملکی دورہ بھی ریاض کا ہی کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے بھی تاحال صدر ٹرمپ کے دورے کی ممکنہ تاریخوں کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی اعلان یا تصدیق نہیں کی گئی۔