تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹ کمیشن کا چھ سعودی شہروں میں فن کا مظاہرہ
پروگرام عوام کو ادارے کے اقدامات کے بارے میں جاننے اور اس کے تجربات اور مظاہروں سے وابستہ ہونے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے (فوٹو: ایم او سی پرفارم آرٹ)
تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن مملکت کے چھ شہروں میں مختلف پرفارمنسز پر مشتمل ایک پروگرام منعقد کرنے جا رہا ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق 11 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہنے والا یہ پروگرام ریاض سے شروع ہو گا اور عام مقامات پر تقریبات پیش کی جائیں گی تاکہ آنے والوں کو ایک منفرد تجربہ ملے اور ادارے کے کام اور سرگرمیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں تھیٹر کے شو، روایتی فنون کے متحرک مظاہرے، کٹھ پتلی کے شو، ایک سفر کرنے والا سرکس اور انٹرایکٹیو تجربات شامل ہیں۔
اس میں روزانہ 10 ایسے حصے شامل ہیں جو ہر شہر کے ثقافتی ورثے سے منسلک مختلف روایتی فنون کو نمایاں کرتے ہیں۔
یہ پرفارمنسز 11 سے 14 نومبر تک ریاض کے یو واک کمپلیکس، 18 سے 21 نومبر تک دمام کے ہاؤس آف کلچر، 25 سے 28 نومبر تک قصیم ریجن کے بریدہ میں واقع النور پارک، 2 سے 5 دسمبر تک حائل کے ہاؤس آف کلچر، 9 سے 12 دسمبر تک طائف کے الردف پارک، اور 16 سے 19 دسمبر تک جدہ پرومینیڈ میں ہوں گے۔
ان مقامات پر روزانہ شام 5:30 بجے سے رات 11 بجے تک لوگوں کا استقبال کیا جائے گا۔
یہ پرفارمنس اس شعبے کو فروغ دینے، تخلیقی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی مہارتوں کو بہتر بنانے اور معاشرے میں تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس کی موجودگی کو وسیع کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
یہ پروگرام عوام کو ادارے کے اقدامات کے بارے میں جاننے اور اس کے تجربات اور مظاہروں سے وابستہ ہونے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
