مملکت میں ’سیلف ڈرائیونگ‘ ٹیکسی سروس کے نئے ضوابط جاری
ہر گاڑی میں ایک سیفٹی آفیسر کو تعینات کرنا لازمی ہوگا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی نے مملکت میں ’خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی‘ سے لیس (سیلف ڈرائیونگ) ٹیکسی سروس کے نئے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔
اقدام کا مقصد نقل و حمل کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ جاری کیے گئے نئے ضوابط میں اس شعبے کو منظم کرنے کے لیے متعدد شرائط و پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن کا مقصد حفاظتی اقدامات کو منظم بنانا ہے۔
جاری کیے گئے ضوابط میں اداروں اور گاڑیوں کی اہلیت، مسافروں کی سیفٹی، انشورنس، آپریشنل امور کی نگرانی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقے شامل ہیں۔
ڈرائیور کے بغیر ٹیکسی سروس کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے جاری ضوابط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی کمپنیاں جو مذکورہ شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی پیں ان کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ مقررہ ادارے سے لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ شرائط کو پورا کریں۔
لائسنس کے حصول کے لیے ضروری ہوگا کہ کمپنی کے پاس ’سیلف ڈرائیونگ‘ ٹیکنالوجی سے لیس کم ازکم 5 گاڑیاں ہوں۔ ہر گاڑی کے لیے ایک سیکیورٹی آفیسر مقرر کیا جائے۔ گاڑیوں کو مقررہ تجرباتی مدت پورا کرنا ضروری ہوگا۔
ڈرائیور کے بغیر ٹیکسی سروس کے لیے جغرافیائی حدود کا تعین ضروری ہوگا، جبکہ سعودی کوالٹی اتھارٹی کی جانب سے گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن ضروری ہو گی۔
اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ضوابط 6 جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔ اتھارٹی نے اس شعبے میں کام کرنے کے خواہشمندوں سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ ضوابط اور انتظامی تقاضوں کی تفصیلات سرکاری ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔