Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چُٹکی‘ بجا کر بلے باز کو ’دھوکے سے‘ آؤٹ کرانے والے کرکٹر پر دو سال کی پابندی عائد

برائن ڈیوائن پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ کی تمام کرکٹ سرگرمیوں میں 29 ستمبر 2028 تک پابندی عائد کر دی گئی ہے(فوٹو: بی سی ایل کرکٹ)
انگلینڈ میں چٹکی بجا کر بیٹ سے گیند ٹکرانے کی آواز پیدا کرنے اور کیچ آؤٹ کی اپیل کرنے والے کرکٹر برائن ڈیوائن پر کرکٹ کھیلنے کی دو سالہ پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق برائن ڈیوائن کو ’کلکی پونٹنگ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان پر الزام تھا کہ وہ وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کی اپیل کے دوران بار بار چٹکیاں بجا کر بیٹ اور گیند کے ٹکرانے کی آواز کی نقل کرتے تھے، تاکہ امپائر کو دھوکا دے کر بلے باز کو آؤٹ قرار دلوایا جا سکے۔
اس واقعے کی ویڈیو انگلینڈ میں کرکٹ سیزن کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی ٹیم سالٹ برن کرکٹ کلب سیکنڈ الیون کو بھی نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے ڈویژن ٹو سے ڈویژن تھری میں بھیج دیا گیا ہے۔
واقعے کی ابتدائی ویڈیو نورٹن کرکٹ کلب کے ایک کھلاڑی نے شیئر کی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ گیند بلے کے قریب سے گزرتے ہی وکٹ کیپر اور سلپ میں موجود فیلڈر نے بیک وقت کیچ آؤٹ کی اپیل کی، جبکہ بلے باز حیرانی سے امپائر کو دیکھتا رہا۔ بعد ازاں امپائر نے انگلی اٹھا کر اسے آؤٹ قرار دے دیا۔
ویڈیو شیئر کرنے والے نورٹن کلب کے کھلاڑی نے اس واقعے کو اپنی دیکھی ہوئی کرکٹ میں دھوکا دہی کی بدترین مثال قرار دیا تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مزید شواہد بھی سامنے آئے، جن میں سالٹ برن کلب اور شیلڈن ریلوے کرکٹ کلب کے درمیان میچ کی فوٹیج بھی شامل تھی۔ اس میچ میں سالٹ برن کے وکٹ کیپر نے آٹھ کیچ پکڑے تھے، جو ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سات کیچز کے ریکارڈ سے بھی زیادہ ہیں۔
معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک برائن ڈیوائن کو ان کے کلب نے سیزن کے بقیہ حصے کے لیے معطل کر دیا تھا۔
لیگ کی جانب سے کھلاڑیوں کے انٹرویوز، تحریری بیانات اور ویڈیو شواہد کا جائزہ لینے کے لیے تین رکنی تادیبی پینل تشکیل دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد برائن ڈیوائن اور سالٹ برن کرکٹ کلب دونوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات تسلیم کر لیے۔
فیصلے کے مطابق برائن ڈیوائن پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام کرکٹ سرگرمیوں میں 29 ستمبر 2028 تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس پابندی کے تحت وہ کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوچنگ، امپائرنگ، سکورنگ اور جونیئر ٹیموں کے انتظامی امور میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔
دوسری جانب سالٹ برن کرکٹ کلب نے ابتدا میں اپنے خلاف کارروائی پر اپیل کی تھی تاہم اب کلب پر تین سو پاؤنڈ جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم کو ڈویژن تھری میں بھیجنے کے ساتھ 2027 کے سیزن کا آغاز 60 پوائنٹس کی کٹوتی سے کرنا ہوگا۔
اس فیصلے کے نتیجے میں مڈلزبرو کرکٹ کلب کو ڈویژن تھری میں بھیجے جانے کے سابقہ فیصلے سے ریلیف مل گیا ہے اور وہ ڈویژن ٹو میں اپنی جگہ برقرار رکھے گا۔
نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے کے باعث متاثر ہونے والے متعدد افراد، بالخصوص آن لائن اور بالمشافہ بدسلوکی کا سامنا کرنے والوں کی مشکلات کو تسلیم کرتی ہے۔
لیگ نے مزید کہا کہ ’اب جب باضابطہ کارروائی مکمل ہو چکی ہے تو تمام افراد سے درخواست ہے کہ وہ اس فیصلے کا احترام کریں۔‘

شیئر: