Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور انڈیا کا مشترکہ اعلامیہ، سٹریٹیجک شراکت داری کونسل کی توسیع پر اتفاق

سعودی عرب اور انڈیا نے سعودی، انڈین سٹریٹیجک شراکت داری کونسل کی توسیع کا خیرمقدم کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
 اس میں دفاعی تعاون کے لیے وزارتی کمیٹی اور سیاحت و ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے لیے وزارتی کمیٹی کا اضافہ شامل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب اور انڈیا نے بین الاقوامی تنظیموں اور فورمز، بشمول جی 20 اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ و عالمی بینک میں تعاون اور ہم آہنگی بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیاہے تاکہ عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
انڈیا نے سعودی عرب کی جانب سے مملکت میں مقیم 2.7 ملین انڈین شہریوں کی مسلسل سرپرستی کو سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔
انڈیا نے 2024 کے حج سیزن کے کامیاب انعقاد پر سعودی عرب کو مبارکباد دی اور حجاج، عمرہ زائرین اور انڈین وزٹروں کے لیے کی جانے والی کوششوں اور اعلیٰ سطحی ہم آہنگی پر قدردانی کا اظہار کیاہے۔
دونوں فریقوں نے حالیہ برسوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی نمو کا خیرمقدم کیاہے۔
انڈیا نے وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں پیشرفت پر سعودی عرب کو مبارکباد دی ہے۔
دونوں ممالک نے براہ راست اور بالواسطہ سرمایہ کاری کی شراکت کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے ستمبر 2023 میں نئی دہلی میں منعقدہ سعودی، انڈیا سرمایہ کاری فورم کے نتائج کو سراہا۔
توانائی کے میدان میں انڈیا نے عالمی منڈیوں میں تیل کی مارکیٹ کے استحکام اور توانائی کے عالمی توازن کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا ہے اور عالمی توانائی ذرائع کی فراہمی کی سلامتی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دونوں ملکوں نے ہائیڈروجن کے صاف، سبز استعمال کے میدان میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے جس میں طلب کو بڑھانا، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور بہترین تجربات کا تبادلہ شامل ہے۔
دونوں ملکوں دفاعی تعلقات کے فروغ کو سٹراٹیجک شراکت داری کی بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے سعودی، انڈین سٹریٹجک شراکت داری کونسل کے تحت دفاعی تعاون کے لیے وزارتی کمیٹی کے قیام کی ستائش کی ہے۔
دونوں ملکوں نے ٹیکنالوجی کے شعبے، بشمول نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے مصنوعی ذہانت، سائبر سیکیورٹی اور سیمی کنڈکٹرز میں تعاون کی اہمیت کی بھی تصدیق کی ہے۔
سعودی عرب اور انڈیا نے نشاندہی کی کہ اس دورے کے دوران خلائی تعاون پر دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت خلائی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی راہ ہموار کرے گی جس میں لانچ وہیکلز، خلائی جہاز، زمینی نظام، خلائی ٹیکنالوجی کی ایپلیکیشنز، تحقیق و ترقی، علمی تبادلہ اور انٹرپرینیورشپ شامل ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے دوران کے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں پرامن خلائی سرگرمیوں کے میدان میں سعودی خلائی ایجنسی اور انڈین خلائی ادارے کے درمیان مفاہمتی یادداشت،صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے سعودی عرب کی وزارت صحت اور انڈیا کی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے درمیان مفاہمتی یادداشت شامل ہے۔
اس کے علاوہ سعودی پوسٹل کارپوریشن اورانڈین محکمہ ڈاک کے درمیان بین الاقوامی پارسل ڈاک کے حوالے سے دو طرفہ معاہدہ، ممنوع ادویات کی روک تھام اور آگاہی کے میدان میں سعودی اینٹی ڈوپنگ کمیٹی اور انڈین کی نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔
دونوں ممالک نے سعودی، انڈین سٹراٹیجک شراکت داری کونسل کا آئندہ اجلاس باہمی اتفاق سے طے شدہ تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

شیئر: