Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج آپریشن کا آغاز، اسلام آباد سے پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی

پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا آغاز ہو گیا ہے۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز پی کے 713 پیر اور منگل کی درمیانی شب 393 عازمین کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مدینہ منورہ پہنچ گئی ہے۔
مدینہ ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور پاکستان حج مشن کے افسران نے عازمین حج کا استقبال کیا۔
آج صبح وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے عازمین کو رخصت کیا تھا۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 100 پروازوں کے ذریعے 28 ہزار 400 عازمین حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔ حج فلائٹ آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔
مدینہ ایئر پورٹ پر آج پاکستان سے چار پروازوں کے ذریعے 900 عازمین حج پہنچیں گے۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت اسلام آباد ایئرپورٹ پر سات خصوصی امیگریشن کاؤنٹرز تیار کیے گئے ہیں۔
آج ہی کے روز کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 حجاج کو لے کر روانہ ہوئی، جبکہ لاہور سے پہلی پرواز پی ایف 7700 آٹھ بجکر 32 منٹ پر روانہ ہوئی۔
پی آئی اے تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گا۔
پہلے مرحلے میں حجاج کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی۔
’عازمین سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں‘
اسلام آباد ایئرپورٹ پرعازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’عازمین حج  اللہ کے مہمان اور پاکستان کے سفیر بن کر جا رہے ہیں۔ وہ سعودی قوانین اور ثقافت کا خیال رکھیں۔‘
وزارت سے جاری بیان کے مطابق سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’میں خود بھی جلد سعودی عرب جا کر حج انتظامات کا جائزہ لوں گا۔ پاکستانی عازمین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے درمیان موجود رہ کر انہیں سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لاؤں گا۔‘

وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ ’سعودی حکومت نے مجھے وی آئی پی حج کی سہولت دینے کا کہا لیکن میں نے اپنے ملک کے عازمین کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس مرتبہ حج انتظامات سابقہ ادوار سے بالکل مختلف ہوں گے اور آپ کو اس کا فرق واضح نظر آئے گا۔ محدود وسائل کے باوجود کوشش کی کہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔‘
سردار یوسف نے کہا کہ وہ حج آپریشن اور انتظامات کی بذات خود نگرانی کریں گے اور مسائل کی نشاندہی پر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہر حاجی کو سم دی جارہی ہے، جس میں ایپلی کیشن موجود ہے۔ منیٰ میں راستہ بھولنے کی صورت میں ایپ کی مدد سے رہنمائی لی جا سکے گی۔‘ 

وفاقی وزیر نے ’عازمین سے درخواست کی کہ وہ وہاں جا کر ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کریں کیونکہ دعائیں بہت سے راستے کھول دیتی ہیں۔‘
سردار یوسف نے کہا ’اس سال اسلام آباد اور کراچی سے 50 ہزار سے زیادہ عازمین روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔ عازمین کی امیگریشن کا تمام عمل پاکستان میں مکمل کیا جائے گا۔ کوشش ہوگی کہ آئندہ سال پاکستان کے مزید شہروں سے روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بہترین انتظامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں۔‘

شیئر: