’سعودیہ کی سردیاں، جِسے آپ پسند کریں‘: ونٹر سیزن کے سیاحتی پروگرام کا اعلان
جمعرات 29 اکتوبر 2026 9:10
ونٹر سیزن میں سیاحتی مقامات پر تفریحی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب نے اس سال موسمِ سرما میں ’سعودیہ کی سردیاں، جِسے آپ پسند کریں‘ کے سلوگن کے تحت سیاحتی سرگرمیوں کے پروگراموں کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ونٹر سیزن میں ریاض، العلا، قصیم، حائل، جدہ، الخبر، الاحسا، مدینہ منورہ اور بحیرۂ احمر سمیت مختلف سیاحتی مقامات پر تفریحی و سیاحتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
اس میں تفریحی، ثقافتی تقریبات، سپورٹس مقابلے، تاریخی و ثقافتی تجربات، مقامات کی سیر، صحرائی مہمات اور تفریحی ریزورٹس میں قیام کے پیکیجز شامل ہیں۔
ونٹر سیزن کے پروگرام مملکت کے سیاحتی مقامات میں موجود سرگرمیوں کے تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس میں بڑے عالمی ایونٹس اور شہری تفریحی سرگرمیوں سے لے کر تاریخی مقامات، قدرتی راستوں اور صحرائی مہمات کے علاوہ مختلف نوعیت متنوع پروگرام شامل ہیں۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی نے سالِ رواں کے پروگرام کے حوالے سے ایک ورکشاپ بھی منعقد کی جس میں سرکاری اور نجی شعبوں کے 100 سے زائد شراکت داروں نے شرکت کی۔
پروگرام میں 1800 سے زیادہ سیاحتی پیکیجز کے ساتھ مختلف نوعیت کی تقریبات، سرگرمیاں اور ثقافتی تجربات شامل ہیں جن کا مقصد مختلف طبقات کی ضروریات کو پورا کرنا اور موسمِ سرما کے دوران سیاحتی مقامات کی مسابقت میں اضافہ کرنا ہے۔
