قصیم ریجن میں فلاور شاپس خوبصورتی کے ساتھ کاروباری مواقع بھی
جمعرات 29 اکتوبر 2026 8:47
گلدستوں کی فروخت اور سجاوٹ کا کام ترقی کررہا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں فلاور شاپس خوبصورتی کے ساتھ کاروباری مواقع کا بہترین امتزاج ہیں یہاں تازہ اور موسمی پھولوں کے ساتھ خاص مواقع، تجارتی اداروں اور ایونٹس کے لیے گلدستے، تحائف اور سجاوٹ کا سامان دستیاب ہوتا ہے۔
ان دنوں پھولوں کا کاروبار کافی عروج پر ہے۔ سماجی و قومی تقریبات کے علاوہ انفرادی خوشی کے مواقع پر بھی گلدستوں کی فروخت اور سجاوٹ کے سامان کا کام ترقی کر رہا ہے۔
عنیزہ کمشنری میں منعقد ہونے والا فلاور فیسٹیول سماجی تقریبات اور سیاحت میں پھولوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ فیسٹیول میں چھ لاکھ سے زائد پھول، گھریلو انڈسٹری سے وابستہ خاندانوں کے لیے 50 سے زائد نمائشیں، خصوصی ڈسپلے اور 200 میٹر سے زیادہ طویل پھولوں کا کارپٹ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔
اس طرح کے پروگرام مصنوعات کی نمائش، نئے ڈیزائن متعارف کرانے اور عوام سے براہ راست رابطے کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ پھولوں کے تاجر ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مخصوص مواقع کے لیے تیار کردہ مصنوعات متعارف کرا سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے فلاور شاپ کی مالکہ لجین العبودی نے کہا کہ پھولوں کی تازگی برقرار رکھنا اس کاروبار کے اہم ترین تقاضوں میں سے ایک ہے کیونکہ درجہ حرارت، نمی، ٹرانسپورٹیشن کے دورانیے اور ذخیرہ کرنے کے طریقوں سے پھولوں کا معیار متاثر ہوتا ہے۔

قدرتی پھولوں کی حفاظت کے لیے ان کے تنوں اور پانی کی مناسب حد اور دیکھ بھال، موزوں برتنوں کا انتخاب و استعمال، مصنوعات کی مسلسل نگرانی اور ذخیرے کی بروقت تبدیلی ضروری ہے تاکہ پھول خراب ہونے سے بچ سکیں۔
ان کے مطابق زیادہ درجہ حرارت میں ٹرانسپورٹیشن، تیاری اور ترسیل کے دوران اضافی احتیاط کرنا ضروری ہو جاتا ہے تاکہ گلدستے صارفین تک تازہ اور بہترین حالت میں پہنچیں۔

پھولوں کی تجارت کے شعبے میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی مہارت بھی اہم ہوتی ہے کیونکہ رنگوں کی ہم آہنگی، پھولوں کی مناسب ترتیب اور معیاری پیکنگ ہی گلدستے کی خوبصورتی اور معیار کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
قصیم میں پھولوں کی ریٹیل مارکیٹ تجارت، تخلیقی صلاحیتوں اور ایونٹ سروسز کا ایک سنگم ہے جو چھوٹے کاروبار کے لیے ترقی کے نئے راستے کھولتی ہے۔
