شہد کی مکھیاں پالنے کا شوق، سعودی خاتون کے ’10 برس کے صبر و حوصلے‘ کی داستان
شہد کی مکھیاں پالنے کا شوق، سعودی خاتون کے ’10 برس کے صبر و حوصلے‘ کی داستان
جمعرات 29 اکتوبر 2026 9:56
شہد کی مکھیوں سے اپنے شوق کا آغاز کرنے والی سعودی خاتون آمنہ عبدالکریم غازی عیسیٰ نے اپنی محنت اور لگن سے شہد کی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ مشکلات کے باوجود ہمت نہ ہاری اور ثابت کیا کہ عزم اور حوصلے سے ہر کام آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔
سعودی وزارتِ ماحولیات و پانی کے ذیلی ادارے ’ارشاد الزراعی‘ (زرعی رہنمائی) کے تعارفی پروگرام میں سعودی خاتون نے اپنے کاروباری منصوبے کے مختلف مراحل کے بارے میں بتایا۔
آمنہ عبدالکریم غازی نے کہا کہ مکھیوں کی فارمنگ کے شعبے میں آنے سے قبل کئی منصوبوں پر کام کیا تھا مگر مجھے یہ شعبہ بہت اچھا لگا اور بالآخر باقاعدہ طور پر شہد فارمنگ کا انتخاب کیا۔
شہد کی فارمنگ کے آغاز کے حوالے سے آمنہ نے مزید بتایا کہ ’شہد کی مکھیاں پالنا، میرا شوق تھا اور اسی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔‘
آمنہ نے اس شعبے میں قدم رکھنے سے پہلے تحقیق کی اور ماہرین سے رابطے کیے تاکہ شہد کی مکھیوں کی پرورش کے طریقے سیکھ سکیں۔ جب انہیں یقین ہو گیا کہ وہ اس شعبے میں کامیابی سے کام کر سکتی ہیں تو انہوں نے شہد کی مکھیوں کی فارمنگ شروع کر دی۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ شہد کی فارمنگ تھکا دینے والا کام ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ بہت اچھا کام ہے تاہم اس کے لیے سب سے ضروری یہ ہے کہ مکھیوں کو ان کی مرضی کے مطابق ماحول فراہم کیا جائے اور چھتوں کے اطراف کی صفائی کا خیال رکھا جائے۔‘
ان کے مطابق ’شہد کی فارمنگ بڑا شعبہ ہے جس میں بنیادی ضرورت صبر و حوصلے کی ہے۔ فارم میں موجود ہرن چھتے کی بار بار نگرانی کرنا ہوتی ہے۔ مکھیوں کی ضرورتوں کو پورا کرنا ہوتا ہے۔‘
آمنہ عبدالکریم غازی کے مطابق شہد کی فارمنگ صبر آزما کام ہے (فوٹو: سکرین گریب)
آمنہ عبدالکریم غازی نے کہا کہ ’اس شعبے کا انتخاب کاروبار کے لیے نہیں کیا تھا بلکہ یہ شوق کی بات تھی اور جس کام کو شوق سے کیا جائے وہ ترقی ضرور کرتا ہے۔‘
’انہیں اس شعبے میں کام کرتے ہوئے 10 برس کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب وہ ایک ’نحالہ‘ یعنی شہد کی مکھیاں پالنے کی ماہر بن چکی ہوں اور متعدد اقسام کے اعلی اور معیاری و خالص شہد تیار کرتی ہیں۔‘
ان کا اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھی ہے جس پر وہ اپنے فولورز کو شہد کی تیاری کے مراحل اور ان کی اقسام کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’شہد کی فارمنگ اگرچہ صبر آزما کام ہے مگر یہ بہت اچھا شعبہ ہے جس میں برکت بھی ہے اور کاروباری میدان بھی وسیع ہے۔‘