سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی سے گریز کریں اور تنازعات کو سفارتی ذرائع سے حل کریں۔
سعودی وزارت خارجہ نے یہ بیان بدھ کو اپنے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب عوامی جمہوریہ ہند (انڈیا) اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔‘
مزید پڑھیں
وزارت خارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ’سفارتی راستے سے کشیدگی کو کم اور تنازعات کو حل کریں۔‘
سعودی عرب کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتطام کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم عسکریت پسندوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا اور اس کے بعد سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان شدید تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان کے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ان کے پاس ’مستند انٹیلی جنس رپورٹس‘ ہیں کہ انڈیا فوجی حملے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب انڈیا کا دعویٰ کہ اس نے تین حملہ آوروں کو شناخت کر لیا ہے اور ان میں سے ایک پاکستانی شہری ہے۔