Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا زمین سے زمین پر مار کرنے والے الفتح میزائل کا کامیاب تجربہ: آئی ایس پی آر

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے الفتح میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پیر کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق زمین سے زمین پر مار کرنے والے الفتح میزائل 120 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ میزائل تجربہ مشق ایکس انڈس کا حصہ ہے اور تجربے کا مقصد فوج کی تیاری اور ٹیکنیکل نظام کی جانچ تھا۔
آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس نے میزائل تجربے پر مبارکباد دی ہے۔
اس سے قبل سنیچر کو پاکستان نے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جو 450 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زمین سے زمین تک مار کرنے والے ابدالی ویپن سسٹم کی لانچ کا تجربہ تربیتی مشق انڈس کا حصہ ہے۔ جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس ابدالی میزائل کی لانچ کا مقصد افواج پاکستان کی آپریشنل تیاری اور اہم تکینکی پہلوؤں کی یقین دہانی کرنا ہے۔
میزائل کی ٹریننگ لانچ کے موقع پر آرمی سٹریٹیجک فورسز کے کمانڈر، سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے اعلیٰ افسران، آرمی سٹریٹیجک فورسز کمانڈ کے علاوہ سائنسدان اور انجینیئر بھی موجود تھے۔
ابدالی میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے مبارکباد دی۔
انہوں نے پاکستان کی سٹریٹیجک فورسز کی قومی سلامتی کے لیے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف آپریشنل تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ایک دن پہلے جمعے کو پہلگام واقعے کے بعد انڈیا سے کشیدگی کے حوالے سے پاکستانی فوج کی خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے کہا ہے کہ ’جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔‘

 

شیئر: