اہم نکات
دریائے چناب میں پانی کی کمی کے بعد بہاؤ بحال معمول کے مطابق بحال
امریکہ میں پاکستان کے سفیر کی پہلگام واقعے پر تھنگ ٹینکس کو بریفنگ
پاکستان کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل اجلاس میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور
دریائے چناب میں پانی کی کمی کے بعد بہاؤ معمول کے مطابق بحال ہو گیا ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق آج منگل کی صبح ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 28 ہزار300 کیوسک اور اخراج 19 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ گیا ہے۔
تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 5 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 50 ہزار کیوسک ہے جبکہ منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 43ہزار 500 کیوسک اور اخراج 32 ہزار کیوسک ہے۔
چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 99 ہزار100 کیوسک اوراخراج 85 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان واپڈا کے مطابق نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 37 ہزار کیوسک اور اخراج 37 ہزار کیوسک ہے۔
تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائر میں قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ 23 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
پہلگام واقعے پر انڈیا کی طرف سے کوئی ثبوت نہیں پیش کی گیا، امریکہ میں پاکستانی سفیر
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی تھنک ٹینک کے نمائندگان کو پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں رضوان سعید شیخ نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے پہلگام واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی ایک بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا۔
سال 2019 کے پلوامہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب انڈیا کی جانب سے پاکستان پر اس طرح کے غیرمنطقی الزامات لگائے گئے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کا علاقہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے جہاں میڈیا، انٹرنیٹ اور نقل و حرکت پر پابندیاں ہیں اور جس سے جبر کا ماحول پیدا ہوا ہے۔
انہوں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ انڈیا کا طرزِ عمل لاقانونیت پر مبنی ہے اور 24 کروڑ افراد پر مشتمل زرعی معیشت کو زک پہنچانے کی کوشش اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔
سفیر پاکستان نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے اور امن کی حمایت پر امریکہ، چین، برطانیہ، سعودی عرب، ایران اور دیگر ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحران نے عالمی طاقتوں کو تنازعہ کشمیر حل کرنے کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔
’کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا سلامتی کونسل اجلاس ختم
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتحار نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی بڑھنے پر منگل کو پاکستان کی درخواست پر بلایا گیا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ختم ہو گیا ہے۔
جس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشمیر کا تنازع سات دہائیوں پر محیط ہے اور تب سے ہی بغیر کسی حل کے چلا آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنازعات کو وقتی طور پر نظرانداز کیا جا سکتا ہے مگر اس سے وہ ختم نہیں ہوتے بلکہ گہرے ہوتے جاتے ہیں۔