سعودی عرب کا پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم، مذاکرات پر زور
یہ معاہدہ خطے میں سلامتی اور بحالی امن کا باعث بنے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ’ اس سے خطے میں سلامتی اور استحکام کی بحالی کی راہ ہموار ہوگی۔‘
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مملکت کی جانب سے دانشمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ملکوں کی تعریف کی۔
بیان میں تنازعات کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کرنے کے لیے اپنی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کی پیروی پر زور دیا جس سے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کےلیے امن و خوشحالی کو فروغ ملے۔
یاد رہے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈین وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
رابطے کے دوران پاکستان اور انڈیا کے وزرائے خارجہ سے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے دونوں رہنماؤں سے رابطوں کے دوران کشیدگی میں کمی، تصادم کو روکنے اور جاری عسکری محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کی۔
وزیر خارجہ نے دونوں رہنماؤں سے رابطے میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب علاقائی امن و استحکام کا خواہاں ہے اور دونوں دوست ممالک کے ساتھ اس کے قریبی اور متوازن تعلقات ہیں۔
اس سے قبل سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر ایک روزہ دورے پراسلام آباد پہنچے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے سعودی عرب کی جانب سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور حالات کو پرامن بنانے کی کوششوں کو سراہا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر کے دورے کی تعریف کی ۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کا کردار امن و استحکام کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر امن کی تعمیر میں نمایاں اور قابلِ اعتماد رہا ہے۔‘
رابطہ کے سیکرٹری جنرل نے دونوں ملکوں سے اپیل کی کہ ’وہ دانشمندی اور عوامی مفاد کو ترجیح دیں۔ سعودی عرب کی ان کوششوں کا مثبت جواب دیں تاکہ دونوں ملکوں اور خطے کو مزید خطرناک کشیدگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔‘
اردن کا پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم
دریں اثنا اردن کی وزارت خارجہ نے بھی جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے خطے میں استحکام کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان سفیان قضاہ نے بحرانوں کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی پُرامن کوششوں کی حمایت کے اردن کے مؤقف کو دہرایا۔
انہوں نے دونوں فریقین کی جانب سے مکالمے کو فروغ دینے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تعریف کی۔
