Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین ماہ کے دوران پبلک بس سروس سے 23 ملین افراد نے سفر کیا

ریاض میں بس سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران پبلک بس سروس سے 23 ملین سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں بس سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے گراف کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ پچھلے برس 2024 کے مقابلے میں اس سال عوامی بس سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مختلف شہروں کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ریاض میں بس سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی جہاں 15.1 ملین مسافراس سروس سے مستفید ہوئے۔
دوسرے نمبر پر مکہ مکرمہ کے شہری رہے جہاں 4.1 ملین جبکہ مدینہ منورہ میں 1.3 ملین اور جدہ میں 1.1 ملین دمام میں 7 لاکھ 48 ہزار طائف میں ایک لاکھ 61 ہزار، جازان میں ایک لاکھ 4 ہزار اورقصیم میں عوامی بس سروس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 1 لاکھ 93 ہزار رہی۔
واضح رہے ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کی جانب سے ماحول دوست بسیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں جو بجلی سے چلتی ہیں۔
 بس نیٹ ورک میں اضافے کرنے کے لیے تیار کیے گئے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اس حوالے سے مختلف بڑے شہروں میں ایئرکنڈیشنڈ بس سٹاپس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ج ارہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

 

شیئر: