امریکی خاتون نے 25 منٹ سے زائد تک بالوں سے لٹک کر دس سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
بدھ 14 مئی 2025 10:46
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
لیلا نے جو ریکارڈ توڑا وہ ایک دہائی سے کوئی نہیں کر پایا تھا۔ (فوٹو: انسٹاگرام، لیلا)
امریکہ کی ایک سرکس پرفارمر نے بالوں سے لٹکنے کا ایک ایسا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو ایک دہائی سے زائد عرصے سے کوئی چیلنج نہیں کر سکا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے ریڈ ووڈ نیشنل اینڈ سٹیٹ پارکس میں لیلیٰ نون نے اپنی پونی ٹیل (بالوں کی پونی) سے 25 منٹ 11.30 سیکنڈ تک لٹک کر سب سے طویل وقت تک بالوں سے معلق رہنے کا ریکارڈ قائم کیا۔
امریکی پرفارمر نے جون 2024 میں یہ کارنامہ انجام دیا، اور پچھلا ریکارڈ توڑ دیا جو آسٹریلیا کے سُتھاکرن سیوگنانتھورائی نے 2011 میں 23 منٹ 19 سیکنڈ کے ساتھ قائم کیا تھا۔
39 سالہ لیلیٰ نے اس کوشش سے پہلے دو سال تک سخت تربیت حاصل کی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ لیلیٰ ایک پیشہ ور ’ہیئر ہینگر‘ (بالوں سے لٹکنے والی فنکارہ) ہیں، لہٰذا یہ خطرناک کام ہرگز گھر میں آزمانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
لیلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتی تھیں کہ انسان ذہنی طاقت کے ذریعے کیا کچھ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس حیرت انگیز مظاہرے کے دوران ان کے دوست گٹار بجا کر انہیں محظوظ کرتے رہے۔ تماشائیوں نے بھی ان کا حوصلہ بڑھانے کے لیے مسلسل مثبت جملے کہے۔
لیلیٰ نے بالوں سے لٹکتے ہوئے مختلف پوز بھی بنائے جو واقعی متاثر کن تھے۔ اس فن کے ماہر اکثر اپنے بال باندھنے کا ایک منفرد اور خاص طریقہ رکھتے ہیں۔
لیلیٰ ’امریکن ننجا وارئیر‘ جیسے مشہور ٹی وی شو میں بھی نظر آ چکی ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے ہزاروں فالوورز ہیں۔
وہ اکثر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جن میں وہ مختلف فضائی کرتب کرتی نظر آتی ہیں۔ وہ اپنے پیروں سے تیر کمان چلاتی ہیں اور ان ویڈیوز میں بالوں سے لٹکنے والے سٹنٹس کی جھلکیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔
