سعودی فلم کمیشن نے ریاض میں ایک نئے پروڈکشن ہاؤس ’جیکس فلم سٹوڈیوز‘ کا افتتاح کیا ہے۔
یہ آغاز مملکت کی ان کوشش کی جانب ایک اور قدم ہے جن کے تحت مملکت میں مربوط اور مسابقت پر مبنی فلم اور میڈیا انڈسٹری کی تعمیر کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
سعودی فلم کمیشن کا 4000 افراد کے لیے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامNode ID: 824501
عرب نیوز کے مطابق توقع ہے کہ سات ہزار مربع میٹر پر پھیلا یہ سٹوڈیو اس سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ اس میں 15 سو مربع میٹر کے دو ساؤنڈ سٹیج اور ایک ورچُوئل پروڈکشن سٹیج بھی ہوگا جس میں سونی کمپنی کی جدید ترین سکرین ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
اس کمپلیکس میں پرائیویٹ سینما، میٹنگ کے لیے کمرے، پروڈکشن کی تیاری کے خصوصی ایریا، کھانے کی جگہیں اور وی آئی پی لاؤنج بھی تعمیر کیا جائے گا۔ تعمیرات کے ان پہلوؤں کا مقصد اس کام سے متعلق مختلف طرح کی ضروریات کی تکمیل ہے۔
اس سٹوڈیو کے قریب ہی آسانی سے ہوٹلوں تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔ ایئرپورٹ بھی نزدیک ہی واقع ہوگا، ریستوران بھی دور نہیں ہوں گے اور خاص طور پر تخلیقی اور تکنیکی صلاحیتوں والے پیشہ ور افراد کا ایک نیٹ ورک بھی اس سٹوڈیو کے آس پاس ہوگا۔
فلمسازوں کو سہولت ہوگی کہ وہ مقامی عملے کو پروڈکشن سے پہلے اور بعد میں پیش آنے والی خدمات کے لیے کام پر رکھ سکیں۔ یہ سب سہولتیں سٹوڈیو سے 20 منٹ کے فاصلے پر دستیاب ہوں گی۔

سعودی فلم کمیشن کے سی ای او عبداللہ القحطانی کا کہنا ہے ’جیکس فلم سٹوڈیوز ہماری اس حکمتِ عملی کا سنگِ بنیاد ہے جس کے تحت سعودی عرب میں فلموں کے لیے ایسا بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا جو دنیا کے اچھے سے اچھے سٹوڈیوز کا مقابلہ کر سکے۔‘
’ہم علاقائی طور پر پروڈکشن میں اہمیت کے لحاظ سے اہم مرکز بن رہے ہیں اسی لیے جیکس سٹوڈیو کی تعمیر میں خیال رکھا گیا ہے کہ یہ بین الاقوامی معیار کے تمام تقاضوں کو پورا کرے جس میں مقامی طور پر تخلیقی ذہن رکھنے والوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور عالمی ٹیلنٹ بھی یہاں آئے۔‘
عبدالجلیل النصر جو سرمایہ کاری اور شعبے کی ترقی کے لیے کمیشن کے جنرل مینیجر ہیں کہتے ہیں’جیکس فلم سٹوڈیوز کی صورت میں ہم دنیا کے سب سے جدید اور سب سے بڑی ورچُوئل پروڈکشن سٹیج کو متعارف کرا رہے ہیں جس میں سونی کمپنی کی جدت سے بھرپور ٹیکنالوجی ہوگی جو ان گنت تخلیقی امکانات کی راہیں کھول دے گی۔‘