چینی سفیر کی پاکستان فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات، ’چینی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی تعریف‘
پاکستان فضائیہ کے سربراہ نے بھرپور حمایت اور غیرمتزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
پاکستان فضائیہ کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں نے ملاقات میں صنعتی تعاون، دفاعی شعبے اور خطے کی بین الااقوامی تزویراتی صورتحال سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس کے علاوہ ’علاقائی سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر ہم آہنگی اور تعاون پر مبنی لائحہ عمل اختیار کرنے اور نئے ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں اور باہمی شرکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔‘
پاکستان فضائیہ کے سربراہ نے بھرپور حمایت اور غیرمتزلزل دوستی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ اور پاکستان کو دفاعی جدت سے ہم کنار کرنے، تکنیکی ترقی، بالخصوص انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تحقیق و ترویج کے شعبوں میں چین کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ مدد پر، اظہارِ تشکر کیا۔
بیان کے مطابق ’چینی سفیر نے مشرقی محاذ پر حالیہ ٹکراؤ کے دوران پاکستان فضائیہ کے اہلکاروں کی جانب سے پیش کردہ بے مثال آپریشنل مہارت کی تعریف کی اور اس فتح کو پاک فضائیہ کے اعلٰی معیار اور قومی دفاع کے اس کے غیرمتزلزل عزم سے منسوب کیا۔‘
’انہوں نے مثالی پیشہ ورانہ مہارت اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے، پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ساختہ آلات اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر اس کی تعریف کی۔‘
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے قومی مفادات کے تحفظ اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے خود انحصاری اور مقامی صلاحیتوں کے استعمال پر پاکستان فضائیہ کی آپریشنل کارکردگی اور اس کی موجودہ قیادت کی تزویراتی ذہانت کا اعتراف کیا۔
انہوں نے چین کی جانب سے بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان فضائیہ کو اس کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مکمل تکنیکی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔