Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رفال طیارے بنانے والی کمپنی کے شیئرز میں گراوٹ، چینی کمپنی کے حصص میں اضافہ

چھ اور سات مئی کی درمیانی شب کو انڈیا کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں پر مزائل داغے گئے جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان ایئر فورس نے انڈیا کے 5 جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔
پاکستان فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا کے حملے کا فوری جواب دیتے ہوئے پانچ انڈین طیارے اور ایک کمبیٹ ڈرون مار گرایا ہے، جن میں تین رفال، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو طیارہ شامل ہے۔ 
پاکستانی ایئر فورس کی جانب سے انڈیا کے فرانسیسی ساختہ 4.5 ویں جنریشن کے ڈیسالٹ رافیل لڑاکا طیارے کو مار گرانے کی خبر کے بعد چائنہ کے شینزین سٹاک ایکسچینج میں چینگڈو ایئر کرافٹ کارپوریشن کے شیئرز کی قیمت میں 18 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 

چینگڈو ایئر کرافٹ کارپوریشن ایک چینی ایرو اسپیس گروپ ہے، اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے بنانے میں اس کا پاکستان ایئر فورس کے ساتھ اشتراک ہے۔ 
دوسری جانب انڈین فضایہ کے زیر استعمال رفال طیارے بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈیسالٹ ایوی ایشن کے شیئرز کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی۔ 

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان ایئر فورس نے ان طیاروں کو اس وقت مار گرایا جب انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کے تمام طیارے محفوظ ہیں۔
خیال رہے کہ طیارے مار گرانے کے حوالے سے انڈیا کا باضابطہ طور پر ابھی تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں مقامی حکومت کے چار ذرائع نے روئٹرز کو تین جنگی جہازوں کے کریش ہونے کی تصدیق کی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ انڈیا نے سویلین آبادی پر تینوں حملے اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے کیے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے انڈیا کے خلاف ’دہشت گردی‘ کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9  اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

 

شیئر: