اجازت نامے کے بغیر 22 افراد کو مکہ لے جانے والا غیر ملکی گرفتار
’قید کے علاوہ ایک لاکھ ریال جرمانہ، ملک سے بیدخلی اور 10 سال کے لیے بلیک لسٹ کردیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
حج سیکیورٹی فورس نے اجازت نامے کے بغیر 22 افراد کو مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کرنے والے غیر ملکی گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حج سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’ڈرائیور سمیت 22 افراد میں سے کسی کے پاس حج اجازت نامہ تھا نہ مکہ مکرمہ میں داخلے کا پرمٹ تھا۔
حج سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد کو مقرر سزا دینے کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف حج سیکیورٹی فورس نے 5 غیر ملکیوں اور 7 شہریوں کو گرفتار کیا ہے جو اجازت نامے کے بغیر 35 افراد کو مکہ داخل کرانے کی کوشش کر رہے تھے۔
حج سیکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ ’اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کرنے والے شخص کو قید کے علاوہ ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا نیز اس کی تشہیر کی جائے گی۔
غیر ملکی ہونے کی صورت میں سزا مکمل کرنے کے بعد اسے ملک سے بیدخل کردیا جائے گا اور 10 سال کے لیے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔