Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مختلف ملکوں سے چھ لاکھ 70 ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے

عازمین کے قافلوں کی یومیہ بنیاد پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج عمرہ کا کہنا ہے کہ ’اب تک مختلف ممالک سے 42 فیصد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق حج 2025 کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے فضائی، بری اور بحری ذرائع سے عازمین کے قافلوں کی یومیہ بنیاد پر آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
فضائی ذریعے سے 5 لاکھ 89 ہزار 200 جبکہ زمینی راستے سے 17 ہزار اور بحری ذریعے سے ایک لاکھ 4 ہزارعازمین مملکت پہنچ چکے ہیں۔
عازمین کے لیے امیگریشن سروسز فراہم کرنے والے ادارے ’جوازات‘ کا کہنا ہے عازمین کے استقبال اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہلکاروں کو مختلف زبانیں سیکھائی گئی ہیں تاکہ عازمین کو بہتر انداز میں رہنمائی کی جاسکے۔
اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے بتایا تھا کہ ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کے آغاز سے اس سال 18 مئی تک  10 لاکھ عازمین حج اس سے مستفید ہوئے ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے تحت  یہ پروگرام 7 ممالک کے 11 ایئرپورٹس پر عازمین کے سفرکے طریقہ کار کو آسان بناتا ہے۔ پاکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، ترکیہ ، مراکش اور کوٹ ڈیوار اس میں شامل ہیں۔
سعودی ریلوے ’سار‘ نے گزشتہ برس کے مقابلے میں حج 2025 کے لیے نشستوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے۔
 رواں برس حرمین ریلوے کے ذریعے 20 لاکھ عازمین کو سروس فراہم کی جائے گی جس کے لیے رواں برس 4 لاکھ نشستوں کا اضافہ ہو سکے گا۔

 

شیئر: