سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے ریاض میں الدرعیہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او جیری انزیریلو سے ملاقات کی۔
پاکستانی سفارتخانے نے اتوار کو ایکس اکاونٹ پر پوسٹ میں لکھا ملاقات میں ورثے اور ثقافت کے شعبے میں سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے اتھارٹی کے سی ای او کو الدرعیہ تھیم سیریز کی ایک پینٹنگ پیش کی جو مملکت کی تاریخ اور ورثے کا دن منانے کے لیے بنائی گئی تھی۔
انہوں نے فیفا سٹینڈرڈ میڈ ان پاکستان فٹبال بھی پیش کی جو پاکستان کی دستکاری اور دوستی کے باہمی جذبے کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعودی عرب کی اہم تاریخی، ثقافتی اور طرز زندگی کی منزل کی تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے۔
یہ اتھارٹی جولائی 2017 میں قائم کی گئی تھی تاکہ الدرعیہ کی تاریخ کو محفوظ کیا جا سکے، یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ سائٹ الطریف کو سعودی عرب کی ثقافت اور ورثے کے مرکز میں دنیا کے عظیم اجتماعی مقامات میں سے ایک میں تبدیل کیا جا سکے۔