جنگلی حیات کے لیے سعودی عرب کے سب سے بڑے پارک ’ کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو‘ میں اب تک 1245 جانوروں کی آباد کاری کی جا چکی ہے۔
’نیچرل ریزرو‘ یا جنگلی حیوانات کے لیے محفوظ قدرتی مسکن میں اب تک 120 جانوروں کی پیدائش ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں رینگنے والے جانوروں پر تحقیقNode ID: 884479
-
کنگ خالد رائل ریزرو قدرتی حسن اور منفرد جغرافیائی ورثہNode ID: 886201
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق’ کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو‘ کی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے 22 مئی کو متوازن ماحول تخلیق دینے کا بین الاقوامی دن بھی منایا۔
مملکت کے شمال میں واقع جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مختض اس پارک میں، فطری تقاضوں کے تحت اپنے مقام سے کُوچ کرنے والے پرندوں کی 290 اقسام پائی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ یہاں جنگلی اور چارے کے طور پر استعمال ہونے والے 550 سے زیادہ پودوں کی قسمیں بھی ہیں۔ ممالیہ، رینگنے والے جاندار اور پانی اور خشکی دونوں جگہوں پر رہنے والے جانوروں کے 350 سے زیادہ زمرے بھی اس پارک میں رہتے ہیں۔
ان جانوروں میں عرب کا نایاب ہرن اور شکرے کی نوع کے شکاری پرندے بھی اس ریزرو میں پائے جاتے ہیں۔

’کنگ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو‘ کی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ایک لاکھ 30 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ اس میں حائل، تبوک، الجوف ریجن کے علاوہ حدود الشمالیہ شامل ہیں۔
ان ریزرو کے اندر القریات اور طبرجل کے شہر واقع ہیں جو الجوف ریجن میں آتے ہیں اور طریف کا شہر بھی ہے جو حدودِ شمالیہ میں واقع ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کے لیے مختص جگہ، جانوروں کی مخصوص فطری پناہ گاہوں کو محفوظ رکھنے کے لیے وقف ہے۔ یہ جگہ جنگلی حیات کے لیے نعمت سے کم نہیں۔ یہاں موسمی حالات کی وجہ سے ہر برس سکونت ترک کرنے والے پرندوں کو بھی اہم عارضی قیام گاہ مل جاتی ہے۔ یہ ایک محفوظ پناہ گاہ ہے جس میں ماحولیاتی توازن اور متنوع منظر نامے ہیں۔

اپنے قیام سے لے کر آج تک، اس ریزرو کی نگران اتھارٹی نے مقامی کمیونٹی میں ماحولیاتی آگاہی اجاگر کرنے پر بہت توجہ دی ہے تاکہ حیوانات کی حفاظت کے لیے اس کی کوششوں میں اضافہ ہو سکے۔
گزشتہ برس پارک کی اتھارٹی نے 2.4 ملین چھوٹے پودے لگائے تھے، 119 ٹن خطرناک اور بے مقصد مواد کو ٹھکانے لگایا اور ریزرو میں چار ٹن مقامی بیج بوئے۔
بیج بونے کے عمل میں رضاکار بھی شامل تھے جنھوں نے چھ وادیوں میں کام کیا۔ دو ماہ تک جاری رہنے والے اس انیشی ایٹیو کا مقصد نباتی زندگی کو بڑھانا اور ریزرو کے سبز علاقوں میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کام میں رضاکارانہ طور پر کئی ایسوسی ایشنز بھی شامل ہیں۔