’سات ہزار کا ایک گھونٹ‘، دلجیت دوسانجھ کو لندن کی مہنگی ترین کافی کتنے میں پڑی
’سات ہزار کا ایک گھونٹ‘، دلجیت دوسانجھ کو لندن کی مہنگی ترین کافی کتنے میں پڑی
بدھ 28 مئی 2025 10:51
دلجیت دوسانجھ کی ویڈیو اور دلچسپ کمنٹری پر صارفین پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام، دلجیت دوسانجھ)
انڈیا کے مشہور گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے ایسی کافی پینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالی ہے جس کا ایک گھونٹ انہیں سات ہزار اور پورا کپ 31 ہزار روپے میں پڑا۔
یہ دلچسپ ویڈیو سامنے آنے کے بعد فینز کی جانب سے بھی دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے یہ ویڈیو لندن کے ایک ریستوران میں بنائی۔
پنجابی میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں ان کو گاڑی سے اتر کر ریستوران میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد وہ مینیو دیکھتے ہوئے ’جاپان ٹپیکا‘ نامی کافی کا آرڈر دیتے ہوئے ساتھ بتاتے بھی ہیں کہ یہ 265 پاؤند کی ہے جو کہ انڈین کرنسی کے حساب سے 31 ہزار روپے بنتے ہیں۔
’اتنے پیسوں میں تو میں نے انڈیا میں شادی دیکھ لینی تھی۔‘
کافی کی تیاری کے دوران وہ اپنے کھلے ڈلے انداز میں عملے کے ساتھ باتیں کرتے رہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’نال کوئی لڈو جلیبیاں وی چک لیو۔‘
سپ لیتے ہوئے وہ بتاتے ہیں کہ ایک ایک گھونٹ سات ہزار روپے میں پڑ رہا ہے۔
ساتھ ہی اپنے مخصوص انداز میں کہتے ہیں کہ ’اے تے پھکی آ یار۔‘
اس کے بعد باہر نکلتے ہوئے انہیں ایک خاتون فین ملتی ہیں جن کے ساتھ وہ تصویر بنواتے ہیں۔
اس ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں زیادہ تر صارفین لافنگ ایموجیز ڈال رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ کی کمنٹری ریلز کی ریئل شکل دکھاتی ہے۔‘
ایک اور صارف نے غور سے ویڈیو دیکھنے کے تصحیح کراتے ہوئے کہا کہ اس کا ایک گھونٹ دلجیت کو 10 ہزار روپے میں پڑا ہے۔
دلجیت دوسانجھ نے جس کافی کا آرڈر تھا اس کی قیمت انڈین کرنسی میں 31 ہزار روپے کے برابر تھی (فوٹو: جاپان ٹیسٹ)
حال ہی میں دلجیت دوسانجھ نے میٹ گالا میں جس انداز میں شرکت کی تھی اس نے سب کو حیران کر دیا تھا۔
وہ جلد ہی ’باڈر ٹو‘ فلم میں دکھائی دیں گے جبکہ یہ خیال بھی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ نو انٹری کے سیکوئل کا بھی حصہ ہوں گے تاہم بعد ازاں شوٹنگ کی تاریخوں کے موقع پر دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے فلم چھوڑ دی تھی۔