Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خطبہ حج کا ترجمہ 35 زبانوں میں براہ راست سنا جا سکے گا

اس سے دنیا بھر کے 5 ملین افراد مستفیض ہوں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امور حرمین کے شعبہ دینی امور نے خطبہ حج کا 35 زبانوں میں ترجمے کےلیے ایک اقدام کا آغاز کیا ہے۔
میدان عرفات کی مسجد نمرہ سے خطبہ حج کو براہ راست نشر کیا جائے گا جس سے 5 ملین افراد مستفیض ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ ’حرمین شریفین سے اسلام کا میانہ روی و اعتدال پسندی کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کےلیے 35 عالمی زبانوں میں خطبہ حج کے ترجمے کا انتظام کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ’ اسلام کے اعتدال پسند پیغام کو دنیا میں پھیلانے کےلیے خطبہ عرفات کے مختلف زبانوں میں ترجمے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔‘
 ’ادارہ امور حرمین نے جامع منصوبہ مرتب کیا اور ایک مستقل کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ ضیوف الرحمان کی بہتر طریقے سے رہنمائی اور دنیا بھر میں اسلام کے حقیقی پیغام کو پہنچایا جائے۔‘
انہوں نے اسلام اور مسلمانوں اور خاص طور پر دو مقدس مساجد کے زائرینم کی خدمت کے حوالے سے سعودی قیادت کے عزم کو اجاگر کیا۔
حرمین انتظامیہ کے تحت دینی امور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔
 یاد رہے کہ حج 2025 میں شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید خطبہ دیں گے۔ ایوان شاہی نے انہیں ذمہ داری تفویض کی ہے۔
واضح رہےعرفات میں واقع مسجد نمرہ میں سب سے زیادہ خطبہ دینے والے سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز آل الشیخ ہیں جنہوں نے 34 مرتبہ خطبہ دیا ہے۔
دوسرے نمبر پر شیخ عبد اللہ بن حسن آل الشیخ ہیں جنہوں نے مسلسل 25 سال تک عرفہ کا خطبہ دیا ہے۔ گزشتہ سال شیخ ماہر المعیقلی نے یوم عرفہ کا خطبہ دیا تھا۔

 

شیئر: