سعودی عرب میں گرمی، عمارتوں پر سفید رنگ کرنے کی تجویز
ماہر موسمیات کا کہنا ہے اس سے توانائی کی بچت ہوگی اور بل بھی کم آئے گا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے ماہرموسمیات اور قصیم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹرعبداللہ المسند نے عمارتوں پرسفید رنگ کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ تپش کے احساس کو کم کیا جاسکے۔
سبق نیوز کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ المسند کا کہنا تھا ’عمارتوں کی دیواروں کے علاوہ برآمدے اور راہداریوں کو بھی سفید رنگ کرنے سے بڑھتے ہوئے گرمی کے احساس کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔‘
ماہرموسمیات کا کہنا تھا ’ یہ بظاہر ایک معمولی سا اقدام ہے تاہم اس کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ عمارتوں پر پڑنے والی سورج کی شعاعوں کو سفید رنگ جذب نہیں کرتا جس سے گرمی کی تپش میں کمی ہوسکتی ہے۔‘
علاوہ ازیں ایئرکنڈیشن کے زیادہ استعمال سے بھی بچا جاسکتا ہے جس سے توانائی کی بچت ہوگی اور بل بھی کم آئے گا۔
یاد رہے کہ عالمی موسمیاتی ادارےکی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے پانچ برسوں کے دوران دنیا میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح پر یا اس کے قریب رہنے کا امکان ہے۔
