صوبہ پنجاب میں گرمی کی شدت بڑھنے سے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات 28 مئی سے ہوں گی جبکہ سکولوں کے اوقات کار میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔
سکولوں کے نئے اوقات کار صبح ساڑھے سات سے ساڑھے گیارہ تک ہوں گے۔
صوبہ پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے ہونا تھیں تاہم درجہ حرارت میں اضافے کے باعث جلدی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ ہیٹ ویو کی شدت کے باعث حفاظتی ہدایات متعلقہ محکموں کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔
طلبا کو بھی کہا گیا ہے کہ وہ جاری ہدایات پر عمل کر کے ہیٹ ویو کے اثرات سے خود کو محفوظ رکھیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان کے بیشتر میدانی علاقے آج سے اگلے چار روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے ہیٹ ویو الرٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرات معمول سے چار سے چھ فیصد تک زیادہ رہے گا جبکہ وسطی و بالائی پنجاب کے علاوہ اسلام آباد، کشمیر، گلگت میں بھی درجہ حرات معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعلامیے میں صوبے بھر کے ضلعی انتظامی حکام اور محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ کے علاوہ ریسکیو 1122 کو ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر میں 20 سے 24 مئی تک پنجاب کے بڑے شہر اور میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر میں رہیں گے اور اگلے چند روز میں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر بڑھ سکتا ہے۔