چین کا شینژو 24 خلائی مشن کامیابی سے روانہ ہوگیا۔ چین کے خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے علاوہ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بھی خلائی سفر میں شامل ہیں۔
جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے چینی حکام نے بیجنگ ایرو سپیس کنٹرول سینٹر سے موصول ہونے والے ڈیٹا کے حوالے سے بتایا شینژو 24 کو کامیابی سے طے شدہ مدار میں بھیج دیا گیا، خلائی جہاز معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
چینی حکام کے مطابق شینژو 24 کو لانچ کے ساڑھے تین گھنٹے بعد تیانگونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہونا ہے۔ پاکستان کے محمد ذیشان علی چین کے ’تیان گونگ‘ خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی شہری بن گئے ۔
لانچ کے بعد جاری ہونے والی تصاویر میں خلا بازوں کو خلائی جہاز کے اندر دیکھا جا سکتا ہے جہاں وہ پرواز کے دوران معمول کے مطابق اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق پاکستانی خلاباز مشن کے دوران سائنسی آلات اور تجربات کے ماہر (پے لوڈ سپیشلسٹ) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے جو مئی میں تیان گونگ خلائی سٹیشن سے منسلک ہوا تھا۔
پاکستانی خلاباز زمین کے مدار میں قیام کے دوران روزمرہ کے امور کی انجام دہی کے علاوہ بنیادی طور پر چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے تحت سائنسی تجربات کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
چینی خلائی ایجنسی کے مطابق مشن کے مقاصد میں زمین کے مدار میں پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے عملے کی تبدیلی، چینی خلائی سٹیشن کے معمول کے امور اور دیکھ بھال کے علاوہ خلائی سائنسی تحقیق اور سائنسی آلات سے متعلق تجربات کا سلسلہ جاری رکھنا شامل ہے۔
پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق پاکستانی خلا باز چینی خلائی سٹیشن پر قریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران تین مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے تحت شینژو 24 مشن کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت دی گئی تھی۔