Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت 51.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

گزشتہ روز کے درجہ حرارت سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات (نیشنل سنٹر فار میٹرولوجی) نے کہا ہے کہ سنیچر کو مسلسل دوسرے دن درجہ حرارت 51.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 العین میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 45 منٹ پر  درجہ حرارت 51.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ روز ابوظبی کے علاقے میں ریکارڈ کیے جانے والے درجہ حرارت سے 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔
اے ایف پی کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے درجہ حرارت مئی 2009 میں ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ 50.2 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرگئے۔
یہ صحرائی ملک سیارے کے گرم ترین علاقوں میں سے ایک ہے جو موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے۔  بار بار آنے والی گرمی کی لہر گلوبل وارمنگ کا واضح اشارہ ہیں۔
گرین پیس کے 2022 کے جائزے کے مطاق مشرق وسطی کو موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پانی اور خوراک کی قلت کے ساتھ شدید گرمی کی لہروں کا زیادہ خطرہ ہے۔
گرمیوں کے مہینوں میں شدید درجہ حرارت کا شکار رہنے والا یہ صحرائی ملک موسم گرما شروع ہونے سے پہلے ہی معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کر رہا ہے۔
محکمے موسمیات نے  گرمی میں محفوظ رہنے کے لیے ہدایات جاری کیں، رہائشیوں کو دھوپ سے دور رہنے، کافی مقدار میں پانی پینے، مناسب لباس پہننے اور سن سکرین استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔
متحدہ عرب امارات دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندگان میں سے ایک ہے، لیکن اس نے قابل تجدید توانائی میں بھی بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔

 

شیئر: