سعودی وزیر خارجہ نے دمشق کی اموی مسجد میں نماز کی امامت کی
مسجد کے دورے کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔(فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شامی ہم منصب اسعد الشیبانی کے ہمراہ دمشق کی عظیم اموی مسجد کا دورہ کیا۔
الاخباریہ کے مطابق انہوں نے اموی مسجد میں شامی حکام اور سعودی وفد کے ارکان کے ساتھ ظہر اور عصر کی نماز ادا کی۔
سعودی وزیر خارجہ کی شامی ہم منصب اسعد الشیبانی کے ہمراہ مسجد کے دورے اور نماز کی امامت کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔


سعودی وزیر خارجہ سنیچر کو وفد کے ہمراہ شام کے دورے پر پہنچے تھے( فوٹو: الاخباریہ)
یاد رہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اعلٰی سطح کے سعودی اقتصادی وفد جس میں وزارت خزانہ اور سرمایہ کاری کے حکام شامل تھے سنیچر کو شام کا سرکاری دورہ کیا۔
اس کا مقصد شام کی معیشت کی معاونت، سرکاری اداروں کی تعمیر و ترقی کو فروغ دینا اور برادر شامی عوام کی توقعات کی تکمیل میں تعاون کرنا ہے۔
دورے میں دونوں ملکوں نے مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
