Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر داخلہ نے حج سیکیورٹی فورسز کی تیاری کا معائنہ کیا

وزیر داخلہ و چیئرمین اعلیٰ کمیٹی برائے حج شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے حج سیکیورٹی فورسز کی تیاری اور عازمین حج کے امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ معائنہ وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود بن نایف کے زیرسرپرستی حج سیزن میں شریک سیکیورٹی فورسز کی سالانہ تقریب کے دوران عمل میں آیا ہے۔

تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکیورٹی اور سربراہ سیکیورٹی کمیٹی برائے حج لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ دانشمند قیادت نے حج کی خدمت اور حجاج کی دیکھ بھال کے لیے تمام ممکنہ وسائل وقف کئے ہیں اور اسے اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’ان عظیم کوششوں کا نتیجہ یہ نکلا کہ انسانی ہجوم کے نظم و نسق، مختلف شعبوں کے درمیان ہم آہنگی، منصوبہ بندی اور تعاون کے میدان میں قابلِ تقلید نتائج حاصل ہوئے جن سے مہمانانِ خداوندی کو امن و سکون کی بہترین صورت میسر آتی ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’حج سیکیورٹی فورسز مکمل تیاری اور چوکس حالت میں ہیں اور کسی بھی ایسی صورتحال سے سختی اور موثر طریقے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں جو حجاج کے امن یا مناسک کی ادائیگی میں خلل ڈالنے کا سبب بنے‘۔

’ان فورسز کا مقصد یہ ہے کہ حجاج کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے تاکہ وہ اپنی عبادات پورے اطمینان سے ادا کر سکیں‘۔

تقریب کے دوران مختلف سیکیورٹی کی عملی مشقیں پیش کی گئیں جن میں جدید سیکیورٹی گاڑیوں، آلات، سیکیورٹی ایوی ایشن اور حج کے دوران استعمال ہونے والی خصوصی گاڑیوں کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔

شیئر: