اتحادی افواج نے دو حوثی بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے، مکہ کے علاقے پر ملبہ گرا
جمعرات 12 نومبر 2026 3:51
یہ علاقہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ سے محض 30 کلو میٹر دور واقع ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ مکہ ریجن کی جانب داغے گئے دو حوثی بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں روک تباہ کیے جانے سے ملبے کا کچھ حصہ سبوحہ قریہ (گاؤں) میں گرا ہے۔
الاخباریہ کے مطابق یہ قریہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ سے محض 30 کلو میٹر دور واقع ہے۔
حکام نے واقعے کے فوری بعد کارروائی کی۔ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقررہ طریقہ کار پرعملدرآمد کیا۔ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے کہا تھا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو مکہ اور جنوبی ریجن میں انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ’ریاض ریجن میں تین کروز میزائلوں کو مار گرایا گیا جبکہ مغربی ریجن میں دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کیا گیا۔‘
سول ڈیفنس نے طائف، ینبع اور خمیس مشیط میں ممکنہ خطرے کا الرٹ جاری کیا تاہم کچھ دیر بعد اسے واپس لے لیا گیا۔
سول ڈیفنس کے ترجمان نے کہا کہ’ شہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کی یہ کوششیں بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حوثی ملیشیا کے خطرناک اور دشمنانہ رویے کی عکاسی کرتی ہے۔‘
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ حوثی ملیشیا نے مکہ کے علاقے کو نشانہ بنایا ہو۔ گزشہ ماہ سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے مقدس شہر کی جانب ڈرون داغے جانے کے اقدام کی مذمت کی تھی۔
حوثی ملیشا سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملےجاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ کارروائیاں خطے میں جاری اس وسیع تر جنگ کا حصہ ہیں جس میں ایک طرف امریکہ اور اسرائیل ہیں جبکہ دوسری جانب ایران ہے جو یمن میں اس ملیشیا کا اہم مالی معاون ہے۔
