میڈیکل سرٹیفکیٹ میں جعلسازی پر انتباہ، قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے: وزارت صحت
جمعرات 12 نومبر 2026 0:07
وزارت کا کہنا ہے میڈیکل لیو مریض کی درخواست یا ترجیح پر نہیں دی جا سکتی ( فائل فوٹو)
سعودی وزارتِ صحت نے بیماری کی چھٹی کے حوالے سے ضوابط کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل لیو مریض کی درخواست یا ترجیح پر نہیں بلکہ طبی معائنے اور طریقہ کار کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔
’میڈیکل لیو‘ کی مدت کا تعین ڈاکٹر کی جانب سے بیماری کی نوعیت اور اس حالت میں مریض کے کام کرنے یا روز مرہ کے امور سر انجام دینے کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتِ صحت نے خبردار کیا کہ ’میڈیکل لیو‘ میں جعل سازی اور غیرقانونی سہولت کاری پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔
قانون کے تحت مریض کو غیرقانونی طور پر فائدہ پہنچانے میں معاونت کرنے پر 50 ہزار ریال تک جرمانے کے علاوہ میڈیکل پریکسٹس لائسنس منسوخ کرنے اور مجاز افراد کے رجسٹر سے نام خارج کرنے کی سزا دی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں جعل سازی ایکٹ کے تحت غلط میڈیکل رپورٹ یا سرٹیفکیٹ جاری کرنے یا فراہم کرنے والے شخص کو ایک برس قید اور ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے والے صحت ادارے بھی قانونی کارروائی سے مستثنی نہیں ہوں گے۔
وزارتِ صحت نے مزید وضاحت کی ہے کہ بیماری کی چھٹی صرف مجاز طبی اداروں سے باقاعدہ طبی معائنہ کرنے کے بعد حاصل کی جائے۔ ڈیجیٹل میڈیکل سرٹیفکیٹ ’صحتی ایپ‘ پر اپ لوڈ کیے جاتے ہیں جبکہ ان کی تصدیق کے لیے ’صحۃ ‘ پلیٹ فارم پر سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

وزارت نے خبردار کیا کہ جعلی ویب سائٹس کے لنکس یا دستاویزات کی محض تصاویر کے بجائے سرکاری پلیٹ فارم سے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جائے۔
میڈیکل لیو کی خلاف ورزیوں میں طبی جواز کے بغیر بیماری کی چھٹی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا، میڈیکل ریکارڈ میں رد و بدل کرنا، غیرمجاز افراد یا اداروں کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کرنا، کسی شخص کو ناجائز طریقے سے فائدہ پہنچانا اور میڈیکل چھٹی کے سرٹیفکیٹ کو یا اس کی معلومات میں جعل سازی کرنا شامل ہیں۔ یہ تمام امور قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں۔
وزارت نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ میڈیکل لیو جاری کرتے وقت پیشہ ورانہ ذمہ داری، درست طبی تشخیص اور متعلقہ اختیارات و مقررہ مدت کی پابندی کریں۔

وزارت نے مزید وضاحت کی کہ بیماری کی تشخیص کے بعد ڈاکٹر کا اختیار ہے کہ وہ چھٹی کا تعین کرے۔ چھٹی کی مدت ڈاکٹر کے اختیار سے تجاوز (ہرمرض کے اعتبار سے چھٹی کا تعین کیا گیا ہے) کرجائے اس صورت میں میڈیکل بورڈ یا مجاز اداروں کی جانب سے کیس کو دیکھتے ہوئے اضافی چھٹی کی منظوری حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
