Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن فیسٹیول میں سعودی سینما کی ثقافتی طاقت کو اجاگر کیا جائے گا

سعودی فلم کمیشن ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد کر رہا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فلم کمیشن لندن میں 2 سے 7 جون تک منعقد ہونے والے ایس ایکس ایس ڈبلیو فیسٹول کے پہلے یورپی ایڈیشن میں شرکت کر رہا ہے۔
یہ ایونٹ ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو مختلف تخلیقی شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور پروفیشنلز کو ایک مقام پر جمع کرتا ہے۔
اس میں پینل مباحثے، موسیقی اور مزاحیہ پرفارمنس، فلم اور ٹی وی سکریننگز، نمائش، مقابلے اور نیٹ ورکنگ کے مواقع جیسے پروگرام شامل ہوتے ہیں۔
کمیشن سعودی فلم نائٹس انیشیٹو کے تحت سعودی شارٹ فلمیں پیش کرے گا جس کا مقصد مملکت کی کہانی سنانے کی صلاحیت کو اجاگر کرنا اور قومی ٹیلنٹ کو بین الاقوامی ناظرین کے سامنے پیش کرنا ہے۔
کمیشن ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد کر رہا ہے جس کا عنوان ’سعودی عرب میں فلمی صنعت کو مضبوط بنانا: وژن سے حقیقت تک‘ ہے۔
اس پینل میں سینما کے کردار پر گفتگو کی جائے گی کہ وہ کس طرح قومی شناخت کو تشکیل دینے، ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے اور مقامی مواد کو بطور سوفٹ پاور فروغ دینے میں مدد دیتا ہے۔
اس کے علاوہ کمیشن مملکت کی فلمی کامیابیوں کو ایک نمائش کے ذریعے اجاگر کرے گا جو کہ سعودی عرب کے پویلین میں منعقد کی جائے گی۔
اس نمائش میں وہ فلمیں شامل ہوں گی جنہوں نے دو لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ٹکٹس فروخت کیے ہوں یا عالمی ایوارڈز جیتے ہوں جو سعودی فلمی صنعت کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے ابھرنے کو ظاہر کرتی ہیں۔
کمیشن سعودی پویلین کا حصہ ہے جس میں دیگر تخلیقی شعبوں کے ادارے بھی شامل ہیں جیسے کہ میوزک کمیشن، کلنری آرٹس کمیشن اور فیشن کمیشن۔ یہ اشتراک مملکت کی ثقافتی تنوع کی عکاسی پیش کرتا ہے۔
فیسٹیول میں شرکت سے فلم کمیشن کے اس عزم کی توثیق ہوتی ہے جس کا مقصد سعودی عرب کی عالمی سطح پر موجودگی کو وسعت دینا، تخلیقی صلاحیتوں کو بااختیار بنانا اور مملکت کو سینما کے شعبے میں ’ریجنل لیڈر‘ کے طور پر پیش کرنا ہے۔

 

شیئر: