عیدالاضحی کی تعطیلات، لوگوں کا تاریخی قریہ ذی عین اور ساحلوں کا رخ
عیدالاضحی کی تعطیلات، لوگوں کا تاریخی قریہ ذی عین اور ساحلوں کا رخ
جمعرات 12 جون 2025 5:46
ذی عین قریہ، الباحہ ریجن کے المخواہ گورنریٹ میں واقع ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ہیریٹج کمیشن نے کہا ہے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے ذی عین کے تاریخی قریے کا رُخ کیا ہے جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
ذی عین قریہ، الباحہ ریجن کے المخواہ گورنریٹ میں واقع ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الباحہ ریجن کے گورنریٹ کے ساتھ شراکت میں، اس انیشیٹیو کا ایک خاص پہلو، ’گوشۂ میزبانی‘ تھا جہاں آنے والوں کو تحائف دیے گئے اور علاقے کے بارے میں تفصلات بتائی گئیں جن میں قریے کی تاریخ پر خاص توجہ مرکوز کی گئی۔
اس انیشیٹیو کا ایک خاص پہلو، ’گوشۂ میزبانی‘ تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سطحِ سمندر سے دو ہزار میٹر کی بلندی پر واقع یہ قریہ، اس ریجن میں سیاحوں کے لیے بہت اہم منزل بن چکا ہے۔
صدیوں پر محیط اس قریے کی ایک شاندار تاریخ ہے جہاں عمارتوں پر خاص پتھر لگائے گئے ہیں جن کی چھتیں، قریبی جنگلوں سے لائی گئی سدا بہار کانٹے دار جھاڑیوں کی لکڑی سے بنائی گئی ہیں۔
گھروں کی بالکونیاں، کرسٹل کی شکل میں پائے جانے والے ایک سخت معدنی پتھر سے مثلث نما سجاوٹ رکھتی ہیں۔ اس پتھر کو سنگ مردہ یا کووٹس کہتے ہیں۔
اس گاؤں میں ایک فوجی قلعہ بھی ہے جسے حفاظت اور نگرانی کے پیشِ نظر تعمیر کیا گیا تھا۔
یہاں انتہائی خوبصورت ساحل اور پارک ہیں اور موسم متعدل ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ذی عین کو زرعی ماحول سے بہت فائدہ پہنچا ہے۔ خاص طور پر یہاں کیوڑے کے پودے اور کیلے کی کاشت کی بدولت سیاحوں نے اسے من پسند منزل بنا لیا ہے۔
عید کے دوران حقل کمشنری میں بھی لوگوں کی بڑی تعداد آئی۔ یہاں انتہائی خوبصورت ساحل اور پارک ہیں اور یہاں کا موسم متعدل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، حقل کے قدرتی ساحل کے لیے پسندیدگی اور سیاحوں کے لیے اس مقام میں گہری دلچسپی کی وجہ سے، باہر کے علاقوں سے لوگ یہاں اپنے اہلِ خانہ سمیت آتے ہیں۔
الدقم ساحل اور جنوبی کورنش پر بھی عید کے ایام میں لوگوں کا رش رہا (فوٹو: ایس پی اے)
یہاں پانی کے جوہڑ، فطرت کے حسن کا لطف اٹھانے کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتے ہیں۔ یہاں آنے والے مچھلیاں پکڑتے ہیں اور تیراکی بھی کرتے ہیں۔
قریب واقع پارک میں، لوگوں کے لیے آرام سے بیٹھنے کی جگہیں ہیں جہاں وہ قدرتی خوبصورتی کے عین بیچ پُرسکون لمحات گزارتے ہیں۔
املج کے ساحلوں پر بھی عید کی چھٹیوں کے دوران خوب رونق رہی اور لوگ اپنے ساتھ پکنک کا سامان بھی لائے۔
حقل کمشنری میں انتہائی خوبصورت ساحل اور پارک ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
ساحلی مقامات جن میں الدقم کا ساحل اور جنوبی کورنش شامل ہیں، وہاں پر بھی عید کے ایام میں لوگوں کا بہت رش رہا جو اپنے خاندان سمیت دن گزارنے پہنچے۔ فیملیز کے علاوہ، سیاحوں نے بھی ایسے مقامات کا رخ کیا جہاں وہ سکون سے سمندر کا نظارہ کر سکتے تھے۔
تبوک ریجن میں بحیرۂ احمر کے ساحل پر املج گورنریٹ اپنے متنوع اور وسیع مناظر کی وجہ سے سیاحوں کی ایک اہم اور مقبول ترین منزل ہے۔ یہاں ان کی نظارگی کے لیے سمندر ہے، پربت ہیں اور میدان بھی ہیں اورگرمیوں کے باوجود یہاں کا موسم معتدل ہے۔
یہاں آنے والے مچھلیاں پکڑتے ہیں اور تیراکی کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
املج میں حکام نے عید کی چھٹیوں کے دوران لوگوں کے بڑی تعداد میں آنے کی توقع پر پہلے سے تیاری کر رکھی تھی۔
ساحلوں اور پارکوں کو مرمت اور صفائی کر کے بہتر بنایا گیا تھا، سہولتوں میں اضافہ کیا گیا اور صفائی اور صحتِ عامہ کے لیے ضروری اقدامات کی نگرانی کے عمل کو بڑھا دیا گیا تھا تاکہ وہاں کا ماحول آنے والوں کے لیے نہ صرف محفوظ ہو بلکہ آرام دہ بھی رہے۔